حکمرانوں نے سرکاری سکولوں کی حالت کو قابل رحم بنا دیا ہے، پی پی رہنماء عابد حسین صدیقی

جمعہ 11 مارچ 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے سرکاری سکولوں کی حالت کو قابل رحم بنا دیا ہے ایسے حالات میں نجی اداروں پر بے جا پابندیاں لگانے سے بچوں کا تعلیمی حرج ہو رہا ہے اور والدین میں تشویش پائی جاتی ہے یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری سکولوں کی ابتری کی طرف توجہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے تعلیمی ماحول دن بدن خراب ہوتا جا رہا ہے۔

سکولوں کی عمارتیں بھی آثار قدیمہ کا منظر پیش کر رہی ہیں اور طلباء کے بیٹھنے کے لئے بھی فرنیچر موجود نہیں ہے۔ خاکروب نہ ہونے کی وجہ سے طلبا و طالبات خود صفائی کرتے ہیں۔ سرکاری سکولوں میں جنریٹر تو درکنار کئی کلاسوں میں پنکھے بھی موجود نہیں ہوتے اور طلبا و طالبات پڑھنے کی بجائے گرمی سے بچاؤ کے لئے تگ و دو کرتے نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت زار دیکھ کر لوگ اپنے بچوں کو نجی تعلیمی اداروں سے تعلیمی دلوانے پر مجبور ہیں۔

اب اگر حکومت اُن پر بھی غیر آئینی اور غیر قانونی پابندیاں لگائے گی تو پنجاب میں تعلیمی نظام تباہی کے دھانے پر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں دیگر اداروں کی طرح تعلیمی اداروں کی حالت بھی دگر گوں ہے لیکن حکمران اس طرف توجہ کرنے کی بجائے ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جن میں لوہے کا کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔