محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کا وسط اپریل سے مویشیوں کی پری فلڈ ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ

منگل 12 اپریل 2016 14:00

فیصل آباد۔12 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 اپریل۔2016ء )محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے وسط اپریل سے جانوروں و مویشیوں کی پری فلڈ ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ضلع بھرمیں جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے اور سیلابی صورتحال کے دوران متعدی ، موسمی ، وبائی امراض سے بچاؤ کیلئے پیشگی تدارکی ویکسینیشن کی غرض سے تحصیل کی سطح پر مختلف ٹیمیں دے دی گئی ہیں نیز 159 ویٹرنری اسسٹنٹس کو بھی خصوصی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں جانوروں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور اس عمل کے دوران مویشی پال حضرات اور زمینداروں وکسانوں کو جانوروں و مویشیوں میں پائی جانیوالی امراض کے بارے میں مکمل آگاہی بھی فراہم کی جائیگی تاکہ ان میں شعور ی بیداری پیداہو سکے۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں ہر سنٹر کیلئے روزانہ کم ازکم 60جانوروں و مویشیوں کی ویکسینیشن کاہدف مقرر کیاگیاہے جبکہ متعلقہ اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیشن کی رپورٹ متعلقہ حکام کو فراہم کریں گے ۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ مہم ستمبر کے وسط تک تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ مون سون کے دوران متعدی امراض پھیلنے کے ممکنہ خدشات سے نمٹنا یقینی ہو سکے۔