کاشتکار وں کو محکمانہ سفارشات کے مطابق بیج کاشت کرنے کی ہدایت

بدھ 20 اپریل 2016 14:22

فیصل آباد۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 اپریل۔2016ء )محکمہ زراعت نے کپاس کی کاشت اور پیداواری ہدف حاصل کرنے کیلئے کاشتکار وں کو محکمانہ سفارشات کے مطابق بیج کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ کپاس کی ایک کروڑ 5لاکھ سے زائد گانٹھوں کا پیداواری ہدف حاصل کرنے کیلئے کاشتکار کپاس کے بیج کی کاشت سے قبل اسے لٹمس پیپر کے ذریعے اچھی طرح چیک کر لیں اور اگر لٹمس پیپر کا رنگ سرخ نہ ہو تو سمجھ لیں کہ بیج میں تیزاب باقی نہیں رہا جبکہ پانی کے اوپر تیرنے اور بر والے بیج کی کاشت سے بھی گریز کیاجائے تاکہ کپاس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ بر اترے ہوئے ، تیزاب سے پاک اور پانی میں نیچے بیٹھ جانیوالے بیجوں سمیت زہر لگے ہوئے کپاس کے بیجوں کی کاشت سے جہاں فصل کی نشو ونما بہترین ہو گی وہیں فصل کو ابتداء کے انتہائی حساس پہلے ایک ماہ تک رس چوسنے والے کیڑوں بالخصوص سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رکھا جا سکتاہے جو کہ پتہ مروڑ وائرس کی بیماری کا سبب بنتی ہے۔ نئی بی ٹی اقسام کی منظوری نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان اقسام سے بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے جدید سفارشات پر عمل کرنا بھی ضروری ہے۔