حکومت بنیادی ضروریات زندگی کے مسائل حل کرنے کیلئے تیز ی سے اقدامات کررہی ہے

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی ایجوکیشن رپورٹر ز ایسو سی ایشن کے وفد سے گفتگو

جمعرات 28 اپریل 2016 22:54

لاہور۔28اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء ) حکومت پنجاب صحت ،صاف پانی اورتعلیم جیسی بنیادی ضروریات زندگی کے مسائل حل کرنے کیلئے تیز ی سے اقدامات کررہی ہے ، موجودہ حکومت نے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں جبکہ مزید اہم پر اجیکٹس کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامز ن ہے ۔ا ن خیالات کا اظہار گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے (ایرا)ایجوکیشن رپورٹر ز ایسو سی ایشن کے وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبہ کیلئے خصوصی کاوشیش کررہی ہے تاکہ عوام کو صحت کی تمام سہولیات سستی،بروقت اور معیاری مہیاہوں، انہوں نے کہا کہ ایجو کیشن سیکٹر کے مسائل کو بھی حل کیا جارہا ہے اور آج کا پڑھا لکھا پنجاب پہلے سے بہتر ہے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسائل تو ہر شعبہ میں ہوتے ہیں جنہیں مذاکرات سے ہی حل کیا جا سکتا ہے، ہمیں اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کر نے کی ضرورت ہے ۔

ایجوکیشن رپورٹر ز ایسو سی ایشن کے سنئیر نمائندگان کے وفدسے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے خوشگوار موڈ میں ملاقات کی جبکہ (ایرا) نمائندگان نے گورنر پنجاب سے ایجوکیشن سمیت پاکستان کے تمام مسائل پر بات چیت کی ۔گورنرپنجاب نے (ایرا)ایجوکیشن رپورٹر ز ایسو سی ایشن کے نمائندگا ن کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آپ کی اکثرایجوکیشن رپورٹس ہماری نظروں سے گزرتی رہتی ہیں جس میں ایجو کیشن کے مسائل پر روشنی ڈالی ہوتی ہے ، اس سے ہمیں کافی آگاہی ملتی ہے ۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمیں لوگوں کی داد رسی اورلوگوں کے دکھ درد بانٹنے چاہیے ،کسی پر بلاوجہ تنقید نہیں کرنی چاہیے ۔اس موقع پر (ایرا)ایجوکیشن رپورٹر ز ایسو سی ایشن کے طرف سے تنظیم کے صدر علی عثمان نے گورنر پنجاب کو پھولوں کا تحفہ دیا اور گورنرپنجاب کی خدمات کو سراہا ۔صدر ایرا نے ایجو کیشن سے متعلقہ مسائل خصوصاًٹیچرز وطلبہ کے مسائل جو آئے روز کالجوں اور یونیورسٹیوں میں احتجاج کرتے رہتے ہیں ان کے حقیقی مسائل سے بھی انہیں آگا ہ کیا۔

گورنر پنجاب نے اسکولوں میں بچوں پر تشدد کے حوالے سے ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بچوں کو مار سے نہیں پیار سے پڑھانا چاہیے ،والدین بھی بچوں کی نفسیات کو سمجھیں اور ان کی خواہشات کا احترام کریں ۔آخر میں گورنر پنجاب نے کہا آپ کی تنظیم کے نمائندگا ن سے مل کر اچھا لگا اورآپ نے ایجو کیشن سیکٹر کے جن مسائل کی طرف توجہ دلائی ہے ،ان پر غور کروں گا۔