نیوزی لینڈ کے سپیکر نے وزیر اعظم کو ایوان سے نکال دیا

وزیر اعظم بننے سے پہلے رکنِ پارلیمان کی حیثیت میں مسٹر کی کو تین مرتبہ ایوان سے نکالا جا چکا ہے ٗرپورٹ

بدھ 11 مئی 2016 21:54

نیوزی لینڈ کے سپیکر نے وزیر اعظم کو ایوان سے نکال دیا

ولنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 مئی۔2016ء)نیوزی لینڈ کی پارلیمان میں پاناما پیپرز کے حوالے سے دھواں دھار بحث کے دوران سپیکر نے ملک کے وزیر اعظم کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی اور انھیں پارلیمان سے باہر نکال دیا۔پارلیمان سے نکالے جانے سے پہلے سپیکر ڈیوڈ کارٹر نے وزیر اعظم، جان کی اور دیگر ارکان کو خبردار کیا کہ وہ پارلیمان کی کارروائی میں خلل نہ ڈالیں، لیکن وزیر اعظم نے سپیکر کی وارننگ کی پرواہ نہیں کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈیوڈ کارٹر کا کہنا تھا کہ انھوں نے مسٹر کی کو کئی مرتبہ خبردار کیا لیکن انھوں نے اس پر توجہ نہیں دی۔اس ایوان میں ان کے ساتھ دیگر ارکان سے مختلف رویہ نہیں اختیار کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ مسٹر جان کی کو پہلی مرتبہ ایوان سے نہیں نکالا گیا۔نیوزی لینڈ کی ویب سائٹ ’سٹف‘ کا کہنا ہے کہ ملک کے پارلیمانی ریکارڈ کے مطابق وزیر اعظم بننے سے پہلے رکنِ پارلیمان کی حیثیت میں مسٹر کی کو تین مرتبہ ایوان سے نکالا جا چکا ہے۔