آصف ہاشمی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیخلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ

بدھ 18 مئی 2016 20:38

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق سربراہ آصف ہاشمی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے خلاف دائر انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

آصف ہاشمی کے وکیل میاں حنیف طاہر نے موقف اپنایا کہ ڈی ایچ اے لینڈ سکینڈل کیس میں ایف آئی اے نے انٹرپول قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اخباری اشتہار جاری کئے بغیر انکے موکل کے بلاجواز ریڈ وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔

اس کیس کے دیگر ملزمان کی ضمانتیں منظور کی جا چکی ہیں جبکہ کیس کا مکمل چالان بھی ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جا چکا ہے ۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔ فاضل عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :