پاکستان اور سعودی عرب کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 30 اپریل 2024 10:06

پاکستان اور سعودی عرب کا مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل 2024ء ) پاکستان اور سعودی عرب نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان آل سعود سے ریاض میں ملاقات ہوئی جہاں وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر سعودی ولی عہد سے ملاقات کیلئے شاہی محل پہنچے، اس موقع پر وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، اویس خان لغاری اور عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ امور اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ دونوں رہنماؤں نے مکہ مکرمہ میں ہونے والی ملاقات کے فیصلوں پر پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم کی جانب سے سعودی ولی عہد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر وزیراعظم نے سعودی وزیر خارجہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد اور سر مایہ کاری کے حوالے سے وفود پاکستان بھیجنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے شاندار میزبانی اور سعودی وزراء کی جانب سے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے جامع پروگرام ترتیب دینے پر بھی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا، شہزادہ محمد بن سلمان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے جاری خصوصی اجلاس کے دوران سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے منعقد کیے گئے خصوصی مکالمے اور گالا ڈنر میں بھی شرکت کی، تقریب کے دوران وزیر اعظم نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے کامیاب انعقاد اور شاندار انتظامات پر سعودی قیادت کو مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سربراہی وفد پاکستان بھیجنے پر ولی عہد شہزادہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وفد نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو کو بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اپنے ساتھ ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض لائے ہیں، جس میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزراء بھی شامل ہیں تاکہ متعلقہ حکام کے درمیان فالو اپ میٹنگز ہو سکیں۔