موبائل ایپ پاک حج سے تمام انتظامات پیپر لیس کر دیے ، رہنمائی اور شکایات مکمل آٹومیٹ ہونگی

ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے معاونینِ حج کا میرٹ پر انتخاب کیا گیا، جیو فینسنگ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی،سیکرٹری وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطاء الرحمان کی پریس کانفرنس

پیر 29 اپریل 2024 23:42

موبائل ایپ پاک حج سے تمام انتظامات پیپر لیس کر دیے ، رہنمائی اور شکایات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) موبائل ایپ پاک حج کے ذریعے متعدد حج انتظامات کو پیپر لیس کر دیا ہے،رہنمائی اور شکایات مکمل آٹومیٹ ہوں گی،ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے معاونینِ حج کا میرٹ پر انتخاب کیا گیاہے،معاونین کی حاضری اور کارکردگی موبائل ایپ پر جیو فینسنگ کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، سرکاری حجاج کو منیٰ ٹرین اور مسجد نبوی ؐ کے نزدیک رہائش فراہم کر رہے ہیں، رواں برس حجاج کیلئے فضائی کرایہ کم مزید کم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،حجاج کو مخصوص شناختی کوڈ کے حامل دو بیگ، موبائل سم، احرام بیلٹ ،خواتین کو پاکستانی پرچم سے مزین عبایا مفت فراہم کی جائے گی،ویکسین اور ادویات کو کم قیمت میں حاصل کرنے میں کامیاب رہے،موبائل کے ذریعے حاجی اپنا راستہ خود تلاش کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

یہ بات سیکرٹری وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر سید عطاء الرحمان نے پیر کے روز وزارت کے کمیٹی روم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ جوائنٹ سیکرٹری حج ، ڈائریکٹر معاونین، ڈائریکٹر حج میڈیکل مشن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ رواں برس وزارت کے نئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سعودی حکام کی ہدایت کے مطابق اس مرتبہ ہم نے حج کا انتظام قبل از وقت شروع کیا تھا، عام تاثر ہے کہ اس برس سرکاری اسکیم کے تحت عازمین کی تعداد کم رہی جو درست نہیں،69 ہزار پاکستانی سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے، پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت عازمین کے تعداد جلد سامنے جائے گی۔

انہوںنے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ حج مہنگا ہوگیا ہے ہر چیز کی قیمت بڑھ گئی ہے، ہم نے رواں برس گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک لاکھ روپے فی کس کم وصول کئے ہیں،ہم نے فضائی کمپنیوں سے اس بارحج کروائے کم کروائے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم نے حج درخواستیں لیتے وقت کم مدتی حج یعنی 40 روز کے ساتھ ساتھ 25 روز کا بھی حج متعارف کروایا۔ انہوںنے کہاکہ اگر کوئی خاندان الگ کمرے میں ٹھہرنا چاہئے تو اضافی رقم کی ادائی پر یہ سہولت فراہم کی۔

انہوںنے کہاکہ اس بار پاکستان سے 7 جی بی ڈیٹا اور کالنگ منٹس کی حامل پری ایکٹو موبائل سم سعودی عرب لے جائیں گے،اس سم سے وہ واٹس ایپ پر پاکستان کال کرسکیں گے جبکہ پہلے سعودی عرب میں یہ سہولت دستیاب نہیں تھی،اس برس معاونین میرٹ پر انتخاب کے بغیر نہیں جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ یہ بات دعویٰ سے کہہ رہا ہوں،مدینہ منورہ میں مناسب کرایہ پر بہترین اور قریبی مقامات پر عمارتیں حاصل کی ہیں،ہم نے مناسب نرخوں پر اس بار ادویات اور ویکسین خریدی،اس مرتبہ ادویات اور ویکسین کی خریداری میں 15 کروڑ کی بچت کی،اس برس روڈ ٹو مکہ کی سہولت اسلام آباد کے بعد اب کراچی ائیر پورٹ پر بھی دستیاب ہوگی۔

انہوںنے کہاکہ اس مرتبہ حج تربیت کا دورانیہ بڑھایا اور زیادہ فوکس عبادات ، مناسک ، انتظامی امور اور حج کے بعد متوقع تبدیلی پر دیا ہے،اس مرتبہ منی میں ہم نے وہ جگہ حاصل کرلی جہاں سے سرکاری حج اسکیم کے تحت تمام پاکستانی عازمین کو ٹرین کی سہولت دستیاب ہوگی۔انہوںنے کہاکہ عازمین کو راستے سے بھٹکنے سے بچانے کے لئے حج ایپ سے مدد فراہم کی جائے گی،حج ایپ میں ایک بٹن دبانے سے گم ہونے والے حاجی کی رہائش گاہ تک پہنچنے میں مکمل مدد اور رہنمائی ہوسکے گی۔