کاشتکار گوارے کی فصل بروقت کاشت کر لیں، محکمہ زراعت

ہفتہ 28 مئی 2016 15:12

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے جھنگ، میانوالی، بھکر ، لیہ ، بہاولپور سمیت ریتلے و کم بارش والے علاقوں میں گوارے کی کاشت اگلے ماہ جون کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار گوارے کی فصل بروقت کاشت کر لیں تاکہ اس کی اچھی پیداوار حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایاکہ گوارہ موسم خریف کی اہم پھلی دار فصل ہے جسے پھلی دار خاندان سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نائٹروجن کھاد کی ضرورت نہ ہوتی ہے کیونکہ یہ فصل نائٹروجن کی ضرورت کو خود پوراکرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ گوارہ زمین کی ذرخیزی میں اضافہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتاہے لہٰذا اگر اس کو ہل چلا کر زمین میں دبادیاجائے تو یہ زمین کی ذرخیزی میں کئی گنا اضافہ کردیتاہے۔ انہوں نے کہاکہ چونکہ گوارے کی کاشت کیلئے گرم آب وہوا درکار ہوتی ہے اس لئے جون کا مہینہ اس کی کاشت کیلئے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوارے کی فصل پانی کی کمی کو کافی دیر تک برداشت کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ گوارے کی صرف منظور شدہ اقسام ہی کاشت کریں۔