فصل کے اگاؤ کے آغاز میں ہی جڑی بوٹیوں کو مناسب طریقے سے تلف کرکے پیداوار میں اضافہ جاسکتا ہے، ماہرین زراعت

ہفتہ 28 مئی 2016 15:12

فیصل آباد۔28 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 مئی۔2016ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ فصل کے اگاؤ کے آغاز میں ہی جڑی بوٹیوں کو مناسب طریقے سے تلف کرکے پیداوار میں اضافہ اور کھیت میں نمی کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے لہٰذا کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کیلئے کپاس کی فصل سے جڑی بوٹیوں کی تلفی پر خصوصی توجہ دیں اور ان کے تدارک کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف یا پیسٹ سکاؤٹنگ کے عملہ کی مشاورت سے فوری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ فصل کے اگاؤ کے آغازمیں ہی اگر جڑی بوٹیوں کو مناسب طریقے سے تلف کر دیا جائے تو اس سے پیداوار میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیاں جہاں نقصان دہ کیڑوں کو پناہ گاہ فراہم کرتی ہیں وہیں وہ کاشتی امور میں بھی رکاوٹوں کا باعث بن سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی بذریعہ گوڈی تلفی کر کے کھیت میں نمی کو زیادہ دیر تک محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جڑی بوٹیوں کو بذریعہ زہر بھی تلف کیا جاسکتا ہے تاہم کاشتکاروں کو زہروں کے سپرے کیلئے ماہرین زرعت یا محکمہ زراعت کے عملہ سے ضروری مشاورت کر لینی چاہئے تاکہ فصل کو نقصان سے بچانے کے ساتھ ساتھ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہوسکے۔