راولپنڈی کینٹ کی10وارڈز میں600 نئے کوڑادان نصب کیے جائیں گے

ہفتہ 4 جون 2016 16:29

راولپنڈی۔04 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 جون۔2016ء)راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی تمام وارڈز میں نئے کوڑادانوں کی تنصیب رواں ماہ مکمل کرنے کے انتظامات کر لیے گئے ۔چیف سینٹری انسپکٹر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈوارث بھٹی نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی کینٹ میں صفائی کے انتظامامات کو مزید موثر بنانے کے لیے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ کینٹ بورڈ کی تمام 10وارڈوں میں مجموعی طور پر 600جدید کوڑادانوں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ گلی محلے کی سطح پر کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے نظام کو مربوط کیا جاسکے ۔

وارث بھٹی نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا شعبہ سینی ٹیشن بھرپور قدامات کر رہاہے ۔اس ضمن میں پری مون سون نالوں کی صفائی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ہفتہ صفائی کے تحت سینی ٹیشن ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر ہر گلی محلہ کی سطح پر صفائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

وارث بھٹی نے مزید بتایاکہ 600سے زائد کوڑا دانوں کی تنصیب کا عمل رواں م اہ میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کینٹ کے علاقوں میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ کوڑا دانوں کی عدم موجودگی کے باعث شہری اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ نالوں اور نالیوں میں پھینک دیتے ہیں جس سے صورتحال گھمبیر ہو جاتی ہے تاہم نئے کوڑا دانوں کی تنصیب کے بعد اس مسئلہ کا خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گلی محلوں کو صاف ستھرا رکھیں اور کوڑا کر کٹ کسی بھی صورت نالے میں یا نالیوں میں پھینکنے سے گریز کریں۔