ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسام مرزا نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی ورکرز میں شمولیت اختیار کر لی

منگل 7 جون 2016 19:44

ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسام مرزا نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی ورکرز ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے صاحبزادے حسام مرزا کی 26ڈسٹرکٹ کونسل اور چار ٹاؤن کمیٹی کے ممبران کے ہمراہ شمولیت پرخیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں بھٹو شہید اور بی بی شہید کے جیالے ایک طاقت بن کر ابھریں گے ۔ پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی ، بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان ، مرکزی رہنما سردار حُر بخاری ، ساجدہ میر سمیت دیگر نے کہا ہے کہ اس سے سندھ کی سیاست میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے حقیقی کارکن اب نام نہاد قیادت کی مفاد پرس پالیسیوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ پیپلزپارٹی ورکرز کا قیام نام نہاد قیادت کی پالیسیوں سے نالاں ہو کر گھروں میں بیٹھنے والے کارکنوں کیلئے ایک پلیٹ فارم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ایسا کرنے والے ناکام رہیں گے ۔ہم بھٹو شہید اور بی بی شہید کے مشن کی تکمیل کیلئے سروں پر کفن باندھ کر باہر نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری کرپشن اور سیاسی پارٹیوں میں خاندانی اجارہ داری کیخلاف ملک گیر مہم شروع کی جائے گی ۔