شام ، صدر بشار الاسد کے دفاع میں لڑتے ہوئے پاسداران انقلاب کے کرنل سمیت متعدد ایرانی فوجی ہلاک

ہفتہ 11 جون 2016 15:39

شام ، صدر بشار الاسد کے دفاع میں لڑتے ہوئے پاسداران انقلاب کے کرنل سمیت ..

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جون ۔2016ء) شام کے شمالی شہر حلب میں صدر بشار الاسد کے دفاع میں لڑتے ہوئیباغیوں کے حملے میں پاسداران انقلاب کے کرنل سمیت متعدد فوجی ہلاک ہوگئے ۔ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق جمعرات اور جمعہ کو جنوبی حلب میں لڑائی کے پاسداران انقلاب کے آرمرڈ بریگیڈ کے "الرضا" بٹالین سے تعلق رکھنے والے کرنل علی منصوری کئی دوسرے فوجیوں سمیت ہلاک ہوئے۔

مقتول کرنل منصوری کا آبائی تعلق ایران کے شہر نیشا پور سے بتایا جاتا ہے۔کرنل علی منصوری حالیہ چند ایام میں شام میں ہلاک ہونے والے پانچویں سینئر ایرانی افسر ہیں۔ اس سے قبل جیش الفتح نامی ایک عسکری گروپ نے جنوبی حلب میں اسدی فوج کے ٹھکانوں القراصی اور خلصہ کے مقامات پر لڑائیوں میں کئی ایرانی فوجیوں اور افسروں کو ہلاک کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق گذشتہ دو روز کے دوران شام میں ہلاک ہونے والے ایرانی فوجیوں کی شناخت مہدی نظری، احمد مکیان، رضا خرمی، مہدی طھماسبی، افغان ملیشیا "فاطمیون" سے وابستہ رستم رضائی، علی جعفری اور سید حکیم حسینی کے ناموں سے شناخت کی گئی ہے۔

قبل ازیں شام کے محاذ جنگ پر صدر بشار الاسد پر قربان ہونے والوں میں کرنل ابراہیم عشریہ، بریگیڈیئر رضا رستمی مقدم، فرسٹ لیفٹیننٹ قدر عبدیانی، جہانگیر جعفری نیا اور ریٹائرڈ فوجی محمد زلقی کے نام سامنے آئے تھے۔یہ ہلاکتیں ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب گذشتہ جمعرات کو ایران، شام اور روس کے مندوبین پر مشتمل سہ فریقی اجلاس بھی تہران میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں شام کے متنازع صدر بشارالاسد کی مدد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں حلب میں شامی باغیوں کو اسلحہ کی رسد روکنے اور شہر پرحکومتی کنٹرول قائم کرنے کے لیے مختلف پہلوں پر بھی غور کیا گیا۔