پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہدایا ت جاری کردیں

بدھ 22 جون 2016 14:39

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جون ۔2016ء)حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے لاہور، ملتان اور راولپنڈی کے دفاتر اور تمام پارٹنر سکولوں میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ سٹاف اور طالب علم ڈینگی سے مکمل طور پر محفوظ رہ سکیں ۔دفاتر اور پارٹنر سکولوں میں بارشی پانی کھڑا نہ ہونے پائے اور فالتو پانی کا بر وقت نکا س کیا جائے۔

یہ بات ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن طارق محمود نے یہاں اپنے دفتر میں منعقدہ پروگرام ڈائریکٹرز کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں کہی۔اجلاس میں بے وسیلہ طالب علموں کی مفت تعلیم کے منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس نے اس امر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیاکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعلیمی منصوبوں سے بے وسیلہ بچوں کی تعلیم تک یکساں رسائی ممکن ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں سے بالخصوص مستحق طالبات کوخصوصی فائدہ پہنچا ہے جبکہ پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی کل تعداد دوملین سے تجاوز کر چکی ہے۔ اجلاس نے اتفاق کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی بدولت شفافیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔ اس طرح مالیاتی ڈسپلن کو بھی فروغ ملا ہے۔ طارق محمود نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن 'پڑھو پنجاب، بڑھو پنجاب'کے اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ،دوسری جانب پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر مبنی تعلیمی منصوبوں سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے پارٹنر سکولوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹنر سکولوں میں خوشگوار تعلیمی ماحول کے ساتھ ساتھ مفت و معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ طالب علم ایک با اعتماد اور پر عزم شہری کے طور پر ابھریں۔ اس موقع پر پروگرام ڈائریکٹرز نے اجلاس کو اپنے تعلیمی منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔