محکمہ زراعت نے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو زمینوں میں وتر محفوظ کرنے کیلئے ہدایات جاری کردیں

جمعہ 24 جون 2016 17:40

راولپنڈی/ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 جون ۔2016ء) بارانی علاقوں میں ربیع کی کامیاب کاشت کا انحصار موسم گرما میں ہونے والی مون سون کی بارشوں کے پانی کو زیاد ہ عرصہ زمین میں محفوظ کرنے پر ہے۔محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے بارانی علاقوں کے کاشتکاروں کو زمینوں میں وتر محفوظ کرنے کیلئے ہدایات جاری کی ہیں ۔

اس مقصد کے لیے ایک مرتبہ زمین میں گہر۱ ہل (مولڈ بولڈپلو) مون سون کی بارشوں کے شروع ہونے سے قبل چلا دینا چاہیے۔ اس عمل سے زمین کافی گہرائی تک نرم ہو جاتی ہے اور بارشوں کا زیادہ سے زیادہ پانی زمین میں جذب ہو جاتاہے۔ اس کے بعدہر بارش کے بعد زمین وتر آنے پر ایک مرتبہ عام ہل بمعہ سہاگہ چلا دیا جائے تا کہ وتر محفوظ رہ سکے۔ڈھلوان سطح کے حامل کھیتوں میں ڈھلوان کے مخالف رخ ہل چلانا چاہیے تاکہ بارشوں کا پانی سیاڑوں میں جذب ہو سکے۔

(جاری ہے)

اگر سیاڑ ڈھلوان کے متوازی ہو ں گے تو پانی نہ صرف بہہ کر ضائع ہو گا بلکہ اپنے ساتھ زرخیز مٹی بھی بہا کر لے جائے گا۔ کھیتوں کی وٹ بندی مضبوط کرنا انتہائی اہم ہے تا کہ بارانِ رحمت کا ایک ایک قطرہ کھیت میں جذب ہو جائے اور کھیت کٹاوٴ اور بُردگی سے محفوظ رہے۔ وٹ بندی مضبوط کرنے کا کام فصل کاشت کرنے سے پہلے کرنا چاہیے اور ہر بارش کے بعد وٹوں کا معائنہ کرنا بھی ضروری ہے تاکہ اگر کہیں سے کوئی وٹ ٹوٹی ہوئی ہو تو اسے فوراً ٹھیک کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :