سوشل میڈیا پرسیکوریٹی اداروں کے حوالہ سے چلائی جانے والی نامعلوم شخص کی گفتگو کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے، ترجمان ایم کیوایم

جمعہ 24 جون 2016 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 جون ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے ترجمان نے سوشل میڈیا پرسیکوریٹی اداروں کے حوالہ سے چلائی جانے والی نامعلوم شخص کی گفتگو اور اسے قائد تحریک الطاف حسین سے منسوب کرنے کی سختی سے مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ گزشتہ چندہفتوں سے بعض شرپسندعناصر ایم کیوایم اور سیکوریٹی فورسزکے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کیلئے ایک منظم سازش کے تحت جھوٹی خبریں، اطلاعات اورخودساختہ دستاویزات پھیلارہے ہیں۔

چندروز قبل ایک جعلی لیٹرپیڈ پر ایم کیوایم کے کنوینر ندیم نصرت کے جعلی دستخطوں سے ایک جھوٹا خط سوشل میڈیا پر چلایاگیا جس کی ایم کیوایم نے تردید کی۔ بعدازاں سوشل میڈیا پر ایک وڈیو کو ایم کیوایم سے منسوب کرکے رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق پر بلاجواز مقدمہ قائم کردیاگیا اور اب سوشل میڈیا پر ایسے آڈیوپیغامات چلائے جارہے ہیں جن میں قائد تحریک الطاف حسین سے منسوب کرکے شرانگیز، جھوٹی اورمن گھڑت باتیں کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے واضح الفاظ میں تردید کرتے ہوئے کہا کہ سیکوریٹی اداروں کے حوالہ سے سوشل میڈیاپر پھیلائے جانے والی شرانگیزگفتگو سے ایم کیوایم کا قطعی کوئی تعلق نہیں ہے۔ترجمان نے کہاکہ سوشل میڈیا پر شرانگیز، سراسرجھوٹا اور خودساختہ مواد پھیلانے کا مقصد ایم کیوایم کو بدنام کرنا ہے ۔