صوبے میں ر مضان بازار قائم کر کے حکومت نے عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے،راجہ اشفاق سرور

مقدس مہینے کے دوران مہنگائی کو روکنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے،صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت

جمعہ 1 جولائی 2016 22:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ صوبے میں ر مضان بازار قائم کر کے حکومت نے عوام کو ممکنہ ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اور اس مقدس مہینے کے دوران مہنگائی کو روکنے اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے میں بڑی حد تک کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تین سو سے زائد رمضان بازاروں کی بدولت شہریوں کو روزمرہ استعمال کی اشیاء رعایتی نرخوں پر فراہم ہوتی رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتظامی مشینری کے ذریعے اوپن مارکیٹ میں بھی اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائش کنٹرول مجسٹریٹس کی ٹیموں کے ذریعے عام مارکیٹوں اور بازاروں میں چیکنگ کر کے قیمتوں کو مانیٹر کیا ہے جس کے نتیجے میں مصنوعی مہنگائی اور گرانی کا سد باب ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار حیدری چوک رمضان بازار راولپنڈی کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی نازیہ پروین سدھن ، اے سٹی ملیحہ جمال، مسلم لیگی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر، اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے یکے بعد دیگر ے اشیائے خوردونوش کے تمام سٹالوں کا معائنہ کیا اور دکانداروں کے علاوہ خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے بھی روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ عید الفطر تک رمضان بازاروں میں سبسڈی پر شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں آٹے ، چینی ، گھئی ، دالوں اور دیگر اشیائے صرف پر خصوصی سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو اس امر کا کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے صوبے کے عوام کے لئے پانچ ارب روپے کے خطیر رمضان پیکیج کا اعلان اور شہریوں کو ممکنہ ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تھوک اور پرچون مارکیٹ کی قیمتوں کی یومیہ بنیادوں پر مانیٹرنگ ،گرانفروشی اور مہنگائی کا سد باب کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا عوام کی فلاح و بہبود ہے اور اس حوالے سے جو بھی ممکنہ اقدام اٹھانا پڑا ،حکومت اٹھائے گی۔ راجہ اشفاق سرور نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں ، معیار ، اوزان اور پیمانوں کی چیکنگ جاری رہے گی ار کسی کو بھی رمضان اور عید کی آڑ میں شہریوں کو لوٹنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں تازہ پھلوں اور سبزیوں سمیت تمام روزمرہ استعمال کی اشیاء کی وافر سپلائی موجود ہے اور عید کے موقع پر بھی تمام اشیاء کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی اور کسی کو بھی گرانفروشی ، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی

متعلقہ عنوان :