اسلام آباد، جماعت اسلامی کا بینر لگانے والے عناصر کو گرفتار کرکے آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے کا مطالبہ

بدھ 13 جولائی 2016 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 جولائی ۔2016ء ) جماعت اسلامی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور مارشل لاء کی دعوت دینے والے بینر لگانے والے عناصر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے کا مطالبہ کر دیا ہے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ملک بھر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع اور بعض عناصر کی جانب سے مارشل لا کیلئے فوج کو آنے کی دعوت پر مبنی بینرز و پینا فلیکس کے حوالے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہاہے یہ بہت خطرناک رجحان ہے اور آرٹیکل 6 کی کھلی خلاف ورزی ہے وفاقی و صوبائی حکومتیں ایسے عناصر گرفتار کریں اور عدالت میں مقدمات چلائے جائیں پاکستان اب کسی بھی نئی مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے انہوں نے کہاکہ بدعنوان اور کرپٹ عناصر اب عوام کے شکنجے میں آنے والے ہیں عدالتی کمیشن اور موٴثر نظامِ احتساب سے بچنے کیلئے وہ ہر حربہ استعمال کررہے ہیں لیکن بچ نہیں سکیں گے فرار کے سارے راستے بند ہوچکے ہیں لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کیلئے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے کہ وہ عدالتی کمیشن میں جواب دیں اور عدل و انصاف کے تقاضوں کو پورا کریں یا پھر سڑکوں اور چوراہوں پر عوامی احتساب کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔

(جاری ہے)

اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری ،عدالتی کمیشن اور ٹی او آر کے حوالے سے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں اور اس معاملے میں اپوزیشن کا موٴقف ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت آزادی کشمیر ،الحاق پاکستان بھارت سے نجات اورحق خود ارادیت کیلئے ایک نئی لہر پیدا کردی ہے اور کشمیر کے عوام اس حوالے سے متحد و یکسو ہیں نریندر مودی انسانی حقوق کو پامال کررہے ہیں قابض بھارتی افواج نے ظلم کی انتہا کررکھی ہے حکومت پاکستان بھارت سے توقعات کا ناجائز سلسلہ بند کرے۔

سفارتی و عالمی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا جائے لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے زبردست سفارتی سرگرمیاں بحال کی جائیں انہوں نے اعلان کیا کہ 15 جولائی کو سعودی عرب میں اور خاص طور پر مسجد نبویﷺ میں دہشت گردی کے واقعات اور کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی آئین جمہوریت اور عدالت کو ڈی ٹریک کرنے کیخلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک اور عید کے بعد لوڈشیڈنگ وبال جان بن گئی ہے عوام کو ناجائز اضافی بل بھیجے جاتے ہیں لیکن کوئی پرسان حال ہے نہ کوئی فریاد سننے والا ہے یہ سلسلہ بند کیا جائے اور عوام کو وعدوں کے لولی پاپ سے بہلانے کی بجائے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں اور ناجائز اضافی بلوں کے حوالے سے ذمہ دارعناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :