میٹرو بس پراجیکٹ ، چونگی نمبر9پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی 7منزلہ عمارت کی تعمیر شروع

بدھ 13 جولائی 2016 23:00

ملتان۔13 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 جولائی ۔2016ء ) ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے سلسلے میں چونگی نمبر9پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی 7منزلہ عمارت کی تعمیر شروع کردی گئی ہے۔عمارت کی پہلی اور دوسری منزل میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے دفاتر اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم کیا جائے گا۔انڈر گراؤنڈ فلور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے مخصوص ہوگا جبکہ دیگر فلور بنک اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو کرائے پر دئیے جائیں گے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر جدید آلات سے لیس ہوگا جس کے ذریعے میٹرو بس اسٹیشنز ،بسوں اور پورے روٹ کی مانیٹرنگ کی جاسکے گی۔میٹرو بس روٹ اور میٹرو اسٹیشنز پر پولز کے ساتھ جدید کیمرے لگائے جائیں گے جنہیں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے کمپیوٹر نظام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کیمروں کے ذریعے میٹرو اسٹیشنز پر ٹکٹنگ کے نظام،بسوں کی رفتار،بسوں کے دروازے کھلنے اور بند ہونے اور اسٹیشن پر رکنے کی ٹائمنگ سمیت تمام چیزوں کو مانیٹر کیاجائے گا اور وائر لیس پر ڈرائیور اور متعلقہ سٹاف کو ہدایات بھی جاری کی جاسکیں گی۔

بس میں کسی تکنیکی خرابی کی صورت میں بس کو ریسکیو کرنے کے بارے میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر فوری ہدایات جاری کرے گا ۔سنٹر سے پورے روٹ کی سکیورٹی پر بھی نظر رکھی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :