حکومت پنجاب اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل حل کر رہی ہے ‘حمیدہ وحیدالدین

میڈیکل کالجوں میں اوور سیز پاکستانی طالب علموں کا کوٹہ مقرر کر دیا گیا ہے، اس سال اوور سیز پاکستانیوں کے لئے 2پولیس سٹیشنزقائم کئے جارہے ہیں ‘وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب کے اعزاز میں ٹوکیو میں پی ایم ایل این کے زیر اہتما م تقریب

پیر 18 جولائی 2016 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جولائی ۔2016ء ) وزیر برائے ترقی و خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان اور جاپان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ان کے مسائل کے حل کے لئے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پنجاب اسمبلی میں پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن ایکٹ پاس کیا ۔

وہ ٹوکیو میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے زیر اہتمام اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کررہی تھیں انہوں نے کہا کہ میں ملک نور اعوان(صدر) پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان،علی کلیار (صدر) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ جاپان اور خاص طور پر ملک ارشد (نائب صدر) پاکستان مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ جاپان کی مشکور ہوں جنہوں نے اس تقریب کاانعقاد کیا اور مجھے جاپان میں موجود اوورسیز پاکستانیوں سے ملنے کا موقع دیا ۔

(جاری ہے)

ملک ارشد کاتعلق ضلع منڈی بہاؤالدین سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانی کے زیر اہتمام اس تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے ۔ حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ اب اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل کئے جارہے ہیں ۔اب تک موصول ہونے والی شکایات میں سے 50فیصد کو حل کیا جاچکا ہے ۔ میڈیکل کالجز میں داخلے کے لئے اوورسیز پاکستانی طلبا وطالبات کاکوٹہ مقرر کیا جاچکا ہے ۔ نیز پنجاب حکومت اس سال اوورسیز پاکستانیوں کے لئے 2پولیس سٹیشن قائم کرے گی ۔ حمیدہ وحیدالدین نے جاپان میں مقیم تمام پاکستانیوں سے کہا کہ وہ جاپان میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں اپنی رجسٹریشن کرائیں ۔

متعلقہ عنوان :