معیاری تعلیم کوفروغ دیکرملک اورصوبے کوترقی کی راہ پرگامزن کرسکتے ہیں،عبدالرحیم زیارتوال

محکمہ تعلیم میں اصلاحات لاکرتعلیمی انقلاب برپاکریں گے،صوبائی وزیرتعلیم بلوچستان کازیارت میں سکاؤٹ ریلی اوردیگرگیمزکے اختتام اورتقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

پیر 18 جولائی 2016 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جولائی ۔2016ء) تعلیم ترقی کا زینہ ہے معیاری تعلیم کو فروغ دیکر ملک اور صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ،کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ ،آئی یو سی این چیف بلوچستان ڈیوڈ اور ڈپٹی کمشنر زیارت عبدالخالق مندوخیل نے جشن زیارت سبی ڈویژن بوائے سکا ؤٹس کے زیر اہتمام زیارت میں سکاؤٹس ریلی اور دیگر گیمز کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرکمشنر ہرنائی عصمت اللہ ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد طارق،ڈپٹی کمشنر کوہلومحمد اعجاز بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات لاکر تعلیمی انقلاب برپا کریں گے ،محکمہ تعلیم میں ڈسپلن قائم کریں گے۔

(جاری ہے)

تعلیمی انقلاب کے لیے سنجیدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔جن اقوام نے تعلیم کے بارے میں سنجیدہ پالیسی نہیں اپنائی ان کا مستقبل محفوظ نہیں ہوسکتا۔

بچوں کواسکول میں داخلہ دلوانے اور انہیں جبری مشقت سے بچانے کے لیے حکومت بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا معاشرے میں اساتذہ کا مقام بہت اونچا ہے لیکن اساتذہ کو بھی اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور لگن سے ادا کرنا ہونگے ۔فرائض میں غفلت اور کوتاہی کرنے والے اسا تذہ کو معاف نہیں کریں گے۔سکاؤٹنگ کا شعبہ زلزلہ ،سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے کافی مفید ہے ۔

سکاؤٹس غیر معمولی حالات میں کافی جوانمردی اور بہادری سے حالات کا مقابلہ کرتے ہیں ،سکاؤٹنگ کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنا ضروری ہے اس سلسلے میں ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کھیلوں کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،نوجوان معیاری تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور صحت مند معاشرے کے قیام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں ،نوجوانوں کی ہر فورم پر حوصلہ افزائی کریں گے۔

کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کی بھرپو ر سرپرستی کررہی ہے ،سکاؤٹس معمار قوم ہیں ان کی خدمات سے استفادہ کرنا ضروری ہے ۔ڈپٹی کمشنر زیارت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں ضلع زیارت کے عوام کی شرکت باعث فخرہے آئندہ بھی زیارت میں اس طرح کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔تقریب کے آخر میں صوبائی وزیر تعلیم اور کمشنر سبی ڈویژن نے مہمانوں اور پوزیشن حاصل کرنے والے سکاؤٹس میں انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :