لاہور،صوفی رمضان انقلابی کی مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسدعمرسے ملاقات

منگل 19 جولائی 2016 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جولائی ۔2016ء) صوفی رمضان انقلابی مرکزی صدر آل اساتذہ الائنس و پنجاب ٹیچرزیونین کی تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد عمرسے اساتذہ مسائل پر ملاقات کی۔اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ ہم اساتذہ برادری کے ساتھ ہیں ، 3اگست کو پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے میں بھی تحریک انصاف شرکت کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر محمود الرشید سے کہہ کر پنجاب اسمبلی میں بھی اساتذہ کے حق میں تحریک پیش کروائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کو ناکام ثابت کرکے کامیاب ترین اداروں کودانش اتھارٹی کے حوالے کرنا بیوقوفی ہے۔اداروں کی نجکاری کرکے اپنے چہیتوں کو دینا اداروں کی تباہی کا سبب بنے گا۔ اس موقع پر مرکزی صدر آل اساتذہ الائنس صوفی محمدرمضان انقلابی اور تصور خان نول نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں پر حملہ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی خاموشی ہمارے لئے حیران کن ہے۔

تعلیمی اداروں کو مریم نواز کے ذریعے ٹھیکے پر دیا جارہا ہے۔اساتذہ کو تحریری معاہدہ کے باوجود اپ گریڈیشن نہ دینا ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام اور اساتذہ کو بے جا سزائیں اس بات کاثبوت ہے کہ پنجاب حکومت تعلیمی اداروں کی تباہی کی طرف گامزن ہے۔ مانیٹرنگ رپورٹس نے ثابت کیا ہے کہ جو ادارے پہلے فیز میں پیف کو دئیے گئے وہ ناکام ہورہے ہیں ۔

پیف سکولز میں بھرتی ہونے والے اساتذہ کا کوئی معیار نہیں ہے۔ وہاں ٹیچرز کی تنخواہ دو تا چار ہزار دی جاتی ہے جس سے اساتذہ کرا م بھاگ جاتے ہیں ،ہرمہینے نیا ٹیچرتبدیل ہوتا ہے اور یہ سب نظام تعلیم کو تباہ کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔پیف سسٹم میں بے شمار خامیاں ہیں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ تحریک انصاف اساتذہ برادری کے ساتھ ہے اور ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔