پیاز کی پنیری کی کاشت جولائی کے آخری ہفتہ سے شروع کرنے کی ہدایت

ہفتہ 23 جولائی 2016 16:22

راولپنڈی۔23 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔23 جولائی۔2016ء) زرعی ماہرین نے کاشتکاروں کو پیاز کی پنیری کی کاشت جولائی کے آخری ہفتہ سے شروع کر نے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بہتر پیداوار کے حصول کے لئے منظور شدہ اقسام پھلکارا اور ڈارک ریڈ کاشت کریں۔زرعی ترجمان کے مطابق پنیری کی کاشت کرنے کیلئے ایسی زمین کا انتخاب کریں جس میں پانی جذب کرنے کی صلاحیت موجود ہو۔

(جاری ہے)

کاشت سے قبل گلی سڑی گوبر کی کھاد ایک من فی مرلہ کے حساب سے ڈال کر زمین میں اچھی طرح ملا ئیں اور آبپاشی کر دیں۔ وتر آنے پر 3-2 دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر چھوڑ دیں تاکہ جڑی بوٹیاں اگ آئیں۔ شرح بیج 3 تا 4 کلوگرام فی ایکڑ رکھیں ۔کاشت کے وقت4-3 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین تیار کر لیں اور3 میٹر کے فاصلہ پر نشان لگا کر پٹڑیاں اس طرح بنائیں کہ ان کے اطراف میں نالیاں بن جائیں تاکہ بارش کی صورت میں زائد پانی باہر نکل جائے۔ گرم موسم میں اگر ان نالیوں میں پانی چھوڑا جائے تو زمین کا درجہ حرارت کم رہنے کی وجہ سے پنیری کا اگاؤ اچھا ہوتا ہے۔