پتہ مروڑ وائرس پر قابو پانے کیلئے کپاس کے کاشتکارفصل پر سفید مکھی کا انسدادیقینی بنائیں، محکمہ زراعت

بدھ 27 جولائی 2016 15:17

فیصل آباد۔27 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جولائی۔2016ء) کپاس کے کاشتکارفصل پر سفید مکھی کا انسداد کرکے پتہ مروڑ وائرس پر قابو پا سکتے ہیں۔ محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ میزبان پودے اور جڑی بوٹیاں سفید مکھی کی افزائش کا سبب بنتی ہیں جو کپاس پر وائرس کے پھیلاؤ میں مددگار ہے جبکہ وائرس کی متبادل میزبان خوراکی جڑی بوٹیوں میں مکو، لیہہ، لیہلی، کرنڈ، لینٹانا، ہزاردانی، رتن جوت، پٹھ کنڈا، اَک اور اِٹ سِٹ وغیرہ شامل ہیں لہٰذا ان جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار کپاس کی سفید مکھی کے متبادل میزبان خوراکی پودوں مثلاً بھنڈی، آلو، تمباکو، بینگن، حلوہ کدو، کھیرا، تر، کریلا، ٹماٹر، تربوز، ٹینڈا، خربوزہ، سورج مکھی اور مرچ پر سفید مکھی کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دیں تاکہ سفید مکھی ان پر پرورش پاکر کپاس کے کھیتوں پر حملہ کرنے اور وائرس پھیلانے کا سبب نہ بن سکے۔ انہوں نے بتایاکہ سفید مکھی کے انسداد کے لئے مختلف کیڑے مار زہروں کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی انسداد کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں کسان دوست کیڑوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے۔

متعلقہ عنوان :