پالک کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے سرد مرطوب آ ب و ہوا ضروری ہے، ترجمانمحکمہ زراعت پنجاب

جمعرات 28 جولائی 2016 15:23

لاہور۔28 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جولائی۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ماہرین نے کہا ہے کہ پالک کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے سرد مرطوب آ ب و ہوا ضروری ہے ، ترجمان کے مطابق ادارہ تحقیقات سبزیات فیصل آباد نے 1992 میں"دیسی پالک" عام کاشت کیلئے منظور کروائی ہے جس کے پتے موٹے، چوڑے، نرم اور رسیلے ہوتے ہیں اورپتوں کی رنگت گہری سبز ہوتی ہے، اس کی پیداواری صلاحیت 35ٹن فی ہیکٹر ہے اور یہ قسم بیماریوں کیخلاف قوتِ مدافعت بھی رکھتی ہے، انہوں نے بتایا کہ پالک کی کاشت کیلئے کھیت کا ہموار ہونا بہت ضروری ہے، پنجاب کے آبپاش علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے وتر میں کاشتہ فصل 7 کٹائیاں دیتی ہے جبکہ وسط نومبر سے دسمبر تک کاشت ہونے والی فصل صرف ایک کٹائی دیتی ہے ،تر جمان نے کہا کہ کاشتکار پالک کا15تا20کلو گرام بیج فی ایکڑ کے حساب سے بذریعہ ڈرل کاشت کریں اوربوائی سے قبل بیج کو ٹاپسن ایم یاامیڈا کلوپرڈزہر بحساب 2ملی گرام فی کلوگرام لگا کر کاشت کرنے سے فصل سیاہ دھبوں اور پچھیتا جھلساؤ کی بیماریوں سے محفوظ رہتی ہیں، انہوں نے کہا کہ زرخیز میرا زمین جس میں پانی کا نکاس بہتر ہوپالک کی کاشت کے لیے منتخب کی جائے ، کاشت سے ایک ماہ قبل زمین کو ہموار کرنے کے بعد گوبر کی گلی سڑی کھاد 12 تا 15 ٹن فی ایکڑ کے حساب سے ڈال کر دو دفعہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین میں ملا ئی جائے ، کاشتکارپہلی آبپاشی بوائی کے فوراً بعد کریں ، پٹڑیوں پر کاشتہ فصل کیلئے پانی کا وقفہ 8 تا 10 یوم جبکہ ڈرل سے کاشتہ فصل کیلئے پانی کا وقفہ 12 تا 14 یوم رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :