حکومت پنجاب ممکنہ سیلاب کے پیش نظر آبادی اور فصلات کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے،ڈی سی او

جمعرات 28 جولائی 2016 23:05

ڈی جی خان ۔28جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 جولائی ۔2016ء) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ممکنہ سیلاب کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں آبادی اور فصلات کو محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ․ حفاظتی فلڈ بند اور سپرز کی تعمیر و مرمت ہنگامی بنیادوں پرمکمل کرائی جائے گی ․ دریائے سندھ اور رودکوہیوں کے قدرتی راستوں کی صفائی مکمل کر لی گئی ہے ․ غیر قانونی زمیندارہ بند تعمیر کر کے سیلابی پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھا جائے گا ․رودکوہیوں اوردریائے سندھ کے سیلابی پانی کو مانیٹرکرنے کیلئے حساس مقامات پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ․ضلع ڈیرہ غازیخان کی اہم رودکوہیوں کے سیلابی پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے جس کیلئے ماہرین کی زیر نگرانی فزیبلٹی سٹڈی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات اس سلسلے میں منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ رکن صوبائی اسمبلی سردار محمو د قادر خان لغاری نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے صرف ان کے حلقہ میں دریا ئے سندھ کے رخ کی تبدیلی ، سیلابی پانی سے فصلات اور آبادی کو بچانے کیلئے دو ارب روپے کے فنڈز فراہم کیے اور اکثریت سپرز کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے صرف ان کے حلقہ میں نہروں کی پختگی کیلئے 30کروڑ روپے فراہم کیے او رآئندہ ڈیڑھ سال کے دوران مزید 70کروڑ روپے کی لاگت سے نہریں پختہ کی جائیں گی۔ رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب سیلاب کے ساتھ ساتھ ضلع کی تعمیر و ترقی پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ․ ضلع کے اہم ترین میگا پراجیکٹس میں راکھی گاج تا بواٹا سٹیل برجز کی تعمیر شامل ہے او ریہ فرانس اور اٹلی کے بعد دنیا کا طویل ترین اور منفرد نوعیت کا پل ہو گا جس پر تقریبا 34ارب روپے خر چ کیے جا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ گوادر کا مین روٹ بھی ضلع ڈیرہ غازیخان سے گزرے گا․ سید عبدالعلیم شاہ نے بتایاکہ ملتان تا ڈیر ہ غازیخان دو رویہ سڑک کی تعمیر کیلئے زمین کا مسئلہ حل کر لیا گیاہے جلد ہی کام شروع ہوگا منصوبے پر اربوں روپے لاگت آئے گی․ اس موقع پر متعلقہ محکمو ں کے افسران بھی موجود تھے ․ تقریب میں ملک و قوم کی سلامتی اور قدرتی آفات سے محفوظ رہنے کیلئے اجتماعی دعا کرائی گئی۔

متعلقہ عنوان :