مون سون شجرکاری مہم 2016 ،درخت لگانے کے لائحہ عمل میں تبدیلی، 90 لاکھ پودے لگائیں گے‘وزیر جنگلات پنجاب

منگل 2 اگست 2016 13:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر جنگلات، جنگلی حیات و ماہی پروری ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شجر کاری کے فروغ کے لئے موثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے اور جنگلات کے رقبہ کو بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں،درخت لگانے کے لائحہ عمل میں تبدیلی لاتے ہوئے سال 2016ء کی مون سون شجر کاری مہم کے لئے 90 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کے لائحہ عمل میں تبدیلی لانے کے حوالے سے محکمہ جنگلات کی نرسریوں پر فارمرز ڈیز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد مزید ایک فیصد رقبہ کو شجر کاری کے دائرہ میں لانا اور پہاڑوں و صحرائی جنگلات کے انتظام میں بہتری لانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سرکاری رقبہ جات پر جنگلات کی ترقی کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ زمینوں پر شجرکاری مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے عصر حاضر کے تقاضوں اور جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جا ئے گا جو کہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم کے تحت لگائے گئے پودوں کو جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔

ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہا کہ 5 اگست سے شروع ہونے والی مون سون شجرکاری مہم کے دوران 90 لاکھ پودے لگانے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی شرکت کے بغیر شجرکاری مہم کو کامیاب نہیں بنا سکتی اس لئے اہلیان پنجاب کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت کی مدد کریں اور اپنے حصے کا پودا لگا کر اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنے پیارے صوبہ پنجاب کو مزید سرسبز کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :