سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حکم وزیر اعظم نے دیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس پر عمل درآمد کروایا،اسلام آباد کے باشعور عوام آج احتجاج میں شامل ہوکر شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کامظاہرہ کریں،تحریک قصاص حکمرانوں کے انجام تک جاری رہے گی،جلدکامیابی کارکنوں کا مقدر بننے والی ہے،ڈاکٹر طاہرالقادری کی صدر شمالی پنجاب بریگیڈیر (ر)مشتاق احمد،ابراررضاایڈووکیٹ اور دیگرسے ٹیلی فونک گفتگو

کل آبپارہ چوک میں احتجاجی دھرنا ہو گا،ڈاکٹر طاہرالقادری بذریعہ وڈیولنک خطاب کریں گے ،غلام علی ز

جمعہ 5 اگست 2016 20:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔5 اگست ۔2016ء ) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ 2 سال انصاف کا انتظار کیا مگر شہداء کے ورثا کو انصاف نہیں ملا،مجبوراً اپنا ملتوی شدہ دھرنا تحریک قصاص کی صورت میں ملک بھر میں پھیلا رہے ہیں ،تحریک قصاص جو انصاف ملنے اور حکمرانوں کے انجام تک جاری رہے گی،وقت قریب ہے کامیابی کارکنوں کا مقدر بننے والی ہے ۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حکم وزیر اعظم نے دیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس پر عمل درآمد کروایا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز صدر شمالی پنجاب بریگیڈیر (ر)مشتاق احمد،ابراررضاایڈووکیٹ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر فاروق بٹ،صدیق بٹ،راجہ منیر اعجاز،نعمان کریم سلیم عالم،سفیان صابر،ملک حسن،احسن قریشی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے باشعور عوام آج اسلام آباد میں ہونے والے عوامی تحریک کے مظاہرے میں شریک ہو کر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام نے عوامی تحریک کے انقلاب مارچ اور دھرنے کے شرکاء کی میزبانی کا حق اداکیا۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ آرمی چیف نے ایف آئی آر درج کروائی ان ہی سے ہمارا مطالبہ ہے کہ وہی انصاف دلوائیں۔

انہوں نے جسٹس باقر نجفی کے جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کامطالبہ بھی دہرایا ،سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ ہمارے خلاف ڈیل کی خبریں پھیلائی گئیں ۔آج وقت نے ثابت کر دیا کہ قاتل حکمرانوں کی پھیلائی ہوئی ڈیل کی خبریں بے بنیاد ہیں،انہوں نے کہاکہ ماڈل ٹاؤن میں شہید کئے جانیوالے میرے کارکن میرے بچے اور بچیاں تھیں ،میں انکا خون کسی صورت معاف نہیں کرونگا ،ہم قصاص لے کر رہیں گے اور وہ وقت قریب ہے جب ظالموں کا حساب ہوگا،لٹیروں کا احتساب ہوگا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف دلاکر رہیں گے، انہوں نے اس موقع پر عوامی تحریک اسلام آباد کے کارکنان کو ان کی مسلسل جدوجہد اور کاوشوں پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کارکن اپنی جدوجہد میں کمی نہ آنے دیں ،اﷲ کی مددو نصرت بہت جلد آئے گی، ملک کے کروڑوں عوام کا مقدر عوامی تحریک کے کارکنوں کی قربانیوں کے سبب بدلے گا ،اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر غلام علی خان نے کہا کہ آج ہونے والے احتجاج کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں،ڈاکٹر طاہرالقادری کے بذریعہ وڈٖیو لنک شرکائے دھرنا سے خطاب کے انتظامات مکمل،آج ہونے والااحتجاجی دھرنا اقتدار کے ایوانوں میں زلزلہ ثابت ہوگا۔