آم کی پچھیتی اقسام کی برداشت مکمل کرلیں، ماہرین زراعت

منگل 16 اگست 2016 15:11

فیصل آباد۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 اگست۔2016ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ باغبان آم کی پچھیتی اقسام کی برداشت مکمل کرلیں تاہم ناپختہ پھل کو توڑنے سے گریز کیاجائے۔

(جاری ہے)

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ آم کی پچھیتی اقسام اگست کے آخر میں پک کر تیار ہو جاتی ہے اس لئے باغبان پکے ہوئے پھل کو برداشت کرنے میں تاخیر نہ کریں لیکن اگر پودے پر کوئی پھل نہ پختہ رہ گیاہو تو اسے پودے سے الگ نہ کیاجائے کیونکہ اس طرح اس کے ضائع ہونے کا خدشہ ہوتاہے۔

انہوں نے کہاکہ آم کے نئے باغات کیلئے گڑھے کھود دیئے جائیں جبکہ آم کے باغات میں نائٹروجن کی آخری قسط ڈالنے کاعمل بھی رواں ماہ اگست کے آخر تک مکمل کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ اگر آم کے باغات میں تیلے ،سکیلز یا دوسرے کیڑوں کی کوئی علامات مشاہدے میں آئیں تو زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت توسیع کے عملہ کی مشاورت سے مناسب سفارش کردہ زہروں کاسپرے کیاجائے۔ انہوں نے باغبانوں کو کھیتوں سے بارش کا فالتو پانی نکالنے کی بھی ہدایت کی ۔