کماد کی فصل کو پاکستان کی زرعی معیشت اور شکر سازی کی صنعت میں اہم مقام حاصل

پیر 22 اگست 2016 16:27

فیصل آباد:(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔22 اگست۔2016ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ماہر شوگر کین ڈاکٹر محمد اعجاز تبسم نے کہا ہے کہ کماد کی فصل کو پاکستان کی زرعی معیشت اور شکر سازی کی صنعت میں اہم مقام حاصل ہے ۔ پاکستان کا شمار رقبہ اور پیداوار کے لحاظ سے دنیا میں پانچویں نمبر پر جبکہ چینی کی پیداوار میں 8ویں نمبر پر ہوتا ہے ۔

پنجاب میں گنے کی فی ایکڑ اوسط پیداوار تقریباً 639ہے جو کہ عالمی اوسط پیداوار 710من فی ایکڑ سے قدرے کم ہے۔ جبکہ پاکستان میں بہت سے ترقی پسند کاشتکار گنے کی 1500سے 2000ہزار من فی ایکڑ پیداوار حاصل کررہے ہیں جو کہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری گنے کی ترقی دادہ اقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں اور دنیا میں کسی بھی ملک کی گنے کی پیداوار کا مقابلہ کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فارمرز ڈے کے موقع پر کاشتکاروں کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ کما د کی پیداوار پر کئی قدرتی عوامل اثر انداز ہوتے ہیں جن میں وقت کاشت بہت اہمیت کا حامل ہے۔ ستمبر کاشت کے ذریعے نسبتاً زیادہ دوانیہ دے کرہم اپنی پیداوار کو مزید بڑھا سکتے ہیں، انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کماد کی ستمبر کاشت ، ستمبر کے اختتام تک مکمل کرلیں۔

محکمہ کی ترقی دادہ اقسام کاشت کریں اچھی پیداوار کے حصول کے لیے بھاری میرا زمین کا انتخاب کریں جس میں پانی کا نکاس بہتر ہو اور نامیاتی مادہ بھی کافی مقدار میں پایا جاتا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکار چار آنکھوں والے 13تا15ہزار سمے یا تین آنکھوں والے 17تا20ہزار سمے فی ایکڑ بیج استعمال کریں۔ یہ تعداد موٹی اقسام کا تقریباً 100تا 120من اور باریک اقسام کا 80سے 100من بیج استعمال کرکے حاصل کی جاسکتی ہے۔

کاشت میں تاخیر ہونے کی صورت میں بیج کی مقدار میں دس تا پندرہ فیصد اضافہ کرلیا جائے۔ اچھی پیداوار کے حصول کے لیے کاشتکار 69کلوگرام نائٹروجن ، 46کلوگرام فاسفورس اور 45کلوگرام پوٹاش فی ایکڑ استعمال کریں۔ فاسفورس اور پوٹا ش کی سفارش کردہ تمام مقدار کاشت کے وقت سیاڑوں میں ڈالی جائے جبکہ نائٹروجنی کھاد کا ایک تہائی حصہ نومبر کے شروع میں اور بقیہ نائٹروجن کھاد کو دو برابر حصوں میں تقسیم کرکے ایک حصہ مارچ کے آخر میں اور دوسرا حصہ اپریل میں مٹی چڑھاتے وقت کریں۔

متعلقہ عنوان :