الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضلع غربی کے حق پرست چیئرمین اظہار احمد خان کو کامیاب قرار دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، رابطہ کمیٹی پاکستان

اظہار احمد خان ضلع غربی کے عوام کی بلا رنگ ، نسل ، زبان ، مسلک اور مذہب خدمت کو اپنا شعار بنائیں ، رابطہ کمیٹی پاکستان کی تلقین

جمعرات 1 ستمبر 2016 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم ستمبر ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضلع غربی کے حق پرست چیئرمین اظہار احمد خان کو کامیاب قرار دینے اور ضلع غربی کے ریٹرننگ آفیسر اور پریزائڈنگ آفیسر کے فیصلہ کو کالعدم قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے اور اس فیصلے کو حق و سچ کی فتح قرار دیا ہے ۔

ایک تہنیتی بیان میں رابطہ کمیٹی پاکستان نے کہا کہ دھاندلی کے ذریعے اظہار احمد خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دیدیا گیا تھا اور اس کیلئے یہ دوبارہ سے گنتی کی گئی تھی اور بہانہ بنایا گیا تھاکہ بیلٹ باکسز میں نشان زدہ ووٹ نکلے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی پاکستان نے کہاکہ ضلع غربی کے حق پرست چیئرمین اظہار احمد خان کی شاندار کامیابی نے پھر ثابت کردیا ہے کہ عوامی مینڈیٹ حق پرست قیادت کے پاس ہے اور کوئی بھی اوچھا ہتھکنڈہ حق پرستوں کی کامیابی کو شکست میں تبدیل نہیں کرسکتا ۔

(جاری ہے)

رابطہ کمیٹی پاکستان نے ضلع غربی کے حق پرست چیئرمین اظہار احمد خان کو بھی دوبارہ کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ اپنے ضلع غربی کے عوام کی بلا رنگ ، نسل ، زبان ، مسلک اور مذہب خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور عوامی مسائل اور خدمت کی روشن مثالیں قائم کریں ۔ رابطہ کمیٹی پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اظہار احمد خان کو دوبارہ سے کامیاب قرار دینے پر حق پرست عوام کو بھی دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حق پرست قیادت شہر کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی ۔