کاشتکاروں کو رواں ماہ ستمبر میں پیاز کی قسم پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت کی ہدایت

جمعہ 2 ستمبر 2016 16:24

فیصل آباد۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 ستمبر۔2016ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو رواں ماہ ستمبر میں پیاز کی قسم پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار پیازکی دیسی اقسام فیصل آباد اگیتی، نسرپوری ، ڈارک ریڈ ، دیسی سرخ اورپیاز کی دوغلی اقسام ریڈ کمانڈر یا ریڈ بون اور روزیٹا بھی کاشت کر سکتے ہیں۔

محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے بتایا کہ پیاز کا شمار قدیم ترین اور نفع بخش فصلو ں میں ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ گزشتہ سال پنجاب میں 1لاکھ 5ہزار 976ایکڑ رقبہ پر پیاز کی کاشت سے 3لاکھ 36ہزار988ٹن پیداوار حاصل ہوئی ۔انہوں نے بتایاکہ پیاز کی نفع بخش کاشت میں اس کی مناسب وقت پر کاشت ،جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، نقصان رساں کیڑوں بالخصوص تھرپس اور نقصان رساں بیماریوں (روئیں دار پھپھوندی اور پرپل بلاچ ) کا کنٹرول زیادہ اہم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ستمبر میں پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت اور دسمبر جنوری میں فصل کی مارکیٹنگ سے زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ دوغلی اقسام کی پیداواری صلاحیت 500سے600من فی ایکڑ تک ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔انہو ں نے کہاکہ کاشتکاروسطی پنجاب میں پیاز کی اکتوبراور نومبر میں کاشتہ نرسری کو دسمبرجنوری میں کھیت میں منتقل کریں جبکہ ایک ایکڑ رقبہ پر پیاز کی کاشت کے لیے 3کلوگرام بیج اور 4سے 5مرلہ زمین پر تیار کی گئی پنیری درکار ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنیری کاشت کرنے کے لیے زمین کو اچھی طرح تیار کریں اور چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنائیں اوران کیاریوں میں تین انچ کے فاصلے پر ایک انچ گہری لائنیں لگا کر ان میں بیج کاشت کریں اور بیج کے اوپر پتوں کی گلی سڑی کھاد ڈال دیں۔

متعلقہ عنوان :