سکھر ضلع میں کانگو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا، میئر سکھر

جمعہ 9 ستمبر 2016 22:57

سکھر۔9ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔9 ستمبر ۔2016ء)سکھر ضلع میں کانگو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ، باوجود اس کے حفاظتی اقدامات اپنانے کی سخت ضرورت ہے، اس ضمن میں ٹی ایم اے اور نساسک عید الاضحی کے موقعے پر صفائی پر خاص توجہ دیں۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ اور میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ نے عید الاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی اور کانگو وائرس کے متعلق اپنے آفیس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی ایچ او سکھر نے قربانی کرنے والوں اور جانور فروخت کرنے والے بیوپاریوں کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ کانگو وائرس جانوروں کی نسبت انسانوں میں زیادہ خطرناک ہے کیونکہ کہ کانگو وائرس کی بیماری سے بچاؤ کی ویکسین موجود نہیں ہے اس لیے قربانی کرنے والے افراداور بیورپاری اپنے جانوروں کوچیچڑوں سے پاک رکھیں، مال مویشی منڈیوں میں چونے کا استعمال کیا جائے ، جانوروں کے بیورپاریوں اور قصابوں کو احتیاط اختیارکرنا چاہئے اور قصابوں کو چاہیے کہ جانوروں کو ذبح کرتے وقت حفاظتی دستانے استعمال کریں اور اپنے جانوروں کو فضلات اور گندگی سے پاک رکھیں۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے ادارہ برائے افزائش حیوانات کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں میں کانگو وائرس سے بچاؤ کیلئے آگہی مہم، پمفلیٹ کے ذریعے اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سے فوری طور پر شروع کریں تاکہ عام لوگوں کو خطرناک بیماری سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ٹی ایم اے اور نساسک کے افسران کو ہدایت کی کہ عید الاضحی کے موقع پر شہری اوردیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کا مناسب بندوبست کریں اس سلسلے میں کوئی بھی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔