انجینئر یاسر گیلانی نے بجلی منصوبوں کے سکیورٹی اخراجات صارفین سے وصول کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کر دیا

عوام پہلے ہی مہنگی بجلی استعمال کر رہی ہے جس سے اُن کا گھریلو بجٹ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے رہنما تحریک انصاف

اتوار 25 ستمبر 2016 18:52

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے بجلی منصوبوں کے سکیورٹی اخراجات صارفین سے وصول کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگی بجلی استعمال کر رہی ہے جس سے اُن کا گھریلو بجٹ بُری طرح متاثر ہو رہا ہے شاہدرہ آفس میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی طرف سے سی پیک سمیت بجلی پیدا کرنے والے تمام منصوبوں کی سکیورٹی کے لئے اٹھنے والے اخراجات صارفین بجلی سے وصول کرنے کے اس نادر شاہی فیصلے سے لامحالہ بجلی کے بلوں میں اضافہ ہو گا جس کا اثر براہ راست عوام پر پڑے گا جو پہلے ہی بجلی بلوں میں درجنوں اقسام کے ٹیکسوں کی زد میں ہیں۔

(جاری ہے)

بجلی کے منصوبوں کی تعمیر ہو یا سی پیک منصوبہ ان کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت اور بجلی پیدا کرنیوالے متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ اگر وہ خود حفاظت نہیں کر سکتے تو پھر ایسے منصوبوں کے افتتاح کا مقصد کیا صرف اپنے نام کی تختی لگانا ہوتا ہے۔ عوام پہلے ہی بے حساب ٹیکسوں کی ادائیگی سے بدحالی کا شکار ہیں۔ اب یہ نیا ٹیکس اونٹ کی پیٹھ پر تنکا نہ ثابت ہو اور حکومت کو لینے کے دینے پڑ جائیں۔