ماہ اکتوبر کے دوران شلجم کی دیسی سرخ اقسام اگیتی کاشت کیلئے بہت موزوں ہیں، محکمہ زراعت

جمعرات 6 اکتوبر 2016 15:08

فیصل آباد۔6 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء)محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے کاشتکاروں کو شلجم کی کاشت رواں ماہ اکتوبر کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار بہتر فصل کے حصول کیلئے رواں ماہ کے دوران شلجم کی کاشت مکمل کرلیں کیونکہ مذکورہ مہینہ شلجم کی کاشت کیلئے انتہائی موزوں ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ شلجم موسم سرما کی انتہائی اہم سبزی ہے جسے وسیع رقبہ پر کاشت کیا جاتاہے نیز اسے سبزی کے علاوہ سبز چارے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ چونکہ شلجم میں فولاد اور دیگر معدنی نمکیات وسیع مقدار میں پائے جاتے ہیں اس لئے شلجم انسانی صحت کیلئے انتہائی مفید ہے۔ انہوں نے بتایاکہ شلجم کی فصل کیلئے معتدل سے سر د آب و ہوا بہت موزوں ہے اسی لئے اسے اکتوبر میں کاشت کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شلجم کی دیسی سرخ اقسام اگیتی کاشت کیلئے بہت موزوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شلجم کاشت کرنے کے بعد اس کی فصل 60سے 70 روز کے اندر برداشت کیلئے تیار ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ وہ شلجم کی گولڈن بار درآمدہ قسم کاشت کریں تاکہ بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکے ۔