کا شتکا روں کو دھان کی کٹائی و پھنڈائی کاعمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 6 اکتوبر 2016 15:13

فیصل آباد۔6 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔06 اکتوبر۔2016ء)ماہرین زراعت ِ نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھان کی کٹائی کے بعد جلد از جلد پھنڈائی کاعمل مکمل کر یں اور فصل کو کھیت میں پڑا نہ رہنے دیں کیونکہ کٹائی و پھنڈائی کے درمیان جتنا زیادہ وقفہ ہو گا چاول کی ریکوری اتنی ہی کم ہوتی جائے گی نیز چاول کی کٹائی کے موسم میں دن قدرے گرم اور راتیں ٹھنڈی ہوتی ہیں جبکہ اس دوران اوس بھی پڑتی ہے جس سے کھیت میں پڑی ہوئی فصل اوس سے بھیگ جاتی ہے اور دن کی دھوپ سے سوکھ جاتی ہے اس طرح متواتر خشک اور تر ہونے سے دانوں میں چوڑی پڑ جاتی ہے جس سے دھان کی چھڑائی متاثر ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب دانوں میں نمی کی مقدار 20 سے 22 فیصد رہ جائے تو دھان کی فصل کٹائی کے قابل ہو جاتی ہے لہٰذا کٹائی کے بعد جتنی جلدی ممکن ہوسکے پھنڈائی کر لینی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار رات کے وقت دانوں کو ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیں تاکہ دانے اوس سے محفوظ رہیں کیونکہ بے احتیاطی یا لاپرواہی سے پھنڈائی کرنے پر بہت سے دانے ضائع ہو جاتے ہیں۔