کاشتکار ٹماٹر کی نومبر کاشت کو فروغ دیکر اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں،محکمہ زراعت

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 14:56

لاہور۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔08 اکتوبر۔2016ء)کاشتکار ٹماٹر کی نومبر کاشت کو فروغ دیکر اپنی آمدن میں اضافہ کے ساتھ مارکیٹ میں ٹماٹر کی آسان دستیابی کے حصول کو ممکن بنائیں،محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق ٹماٹر غذائیت کے لحاظ سے بہت اہم سبزی ہے جس میں حیاتین اور معدنی نمکیات کافی مقدار میں ہوتے ہیں جو صحت کیلئے مفید ہیں ، پنجاب میں فروری کاشتہ ٹماٹر کا رقبہ بڑھ رہا ہے نتیجتاً مئی میں گرمی کی وجہ سے ٹماٹر کی آمد ن بڑھ جاتی ہے اور کم ریٹ کی وجہ سے کاشتکار کو نقصان ہوتا ہے،ترجمان نے بتایا کہ فروری کاشت کی پیداوارموسم گرم ہوجانے کی وجہ سے نومبر کاشت سے کافی کم ہوتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ نومبر کاشت کو بھی فروغ دیا جائے ، روما، نگینہ ، پاکٹ اور نقیب ٹماٹر کی سفارش کردہ اقسام ہیں ، انہوں نے کہاکہ ٹماٹر کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین جس میں پانی کے نکاس کا بہترین انتظام موجود ہو موزوں ہے، ایک ایکڑ کی نرسری کیلئے تقریبًا 4 مرلہ زمین درکار ہوتی ہے جس کیلئے100 گرام سے 125 گرام بیج چاہئے، پنیری کو کھیت میں منتقل کرنے سے ہفتہ دس دن پہلے آبپاشی بند کر دینی چاہئیے تاکہ پو دے سخت جان ہوجائیں ، ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹماٹر کی فصل کو کورے سے بچانا ضروری ہے کیونکہ یہ شدید کورے کو برداشت نہیں کرسکتا اس لئے نرسری کو رات کے وقت پلاسٹک ٹنل میں منتقل کریں، پودے منتقل کرنے کے بعد ان کو پانی دیتے رہیں اور کھیت میں تب منتقل کریں جب کورے کا خطرہ بالکل ختم ہوجائے۔