برسیم ، لوسرن ، اگیتی جئی کی کاشت اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے زرخیز زمین اور دیسی کھادوں کا زیادہ استعمال یقینی بنایا جائے ، ماہرین زراعت

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 15:07

فیصل آباد۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔۔08 اکتوبر۔2016ء)ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ربیع کے چارے کی کاشت فوری طور پر شروع کرکے جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار موسم سرماکے سبز چارے برسیم ، لوسرن ، اگیتی جئی کی کاشت رواں ماہ کے دوران مکمل کرلیں تاکہ بہتر فصل کا حصول ممکن اور موسم سرما میں جانوروں کی سبز چارہ کی ضروریات کو پوراکرنے میں مدد مل سکے نیز ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے ذرخیز زمین کا انتخاب کیاجائے تاکہ کاشتکار بہتر انداز میں مالی فائدہ بھی حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔

(جاری ہے)

ماہرین زراعت نے بتایاکہ ربیع کے چارے کی کاشت کیلئے زمین میں 3سے 4 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر اسے اچھی طرح نرم و بھربھری کر لینی چاہیے جس میں گوبر کی گلی سڑی کھاد 12سے15 گڈے فی ایکڑ ڈالنے سے بھی شاندار نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر گوبر کی کھاد دستیاب نہ ہو تو 2بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ بھی ڈالی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار اس سلسلہ میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔