بنیادی مراکز صحت پلس کی کیٹگری میں ایک منفرد یونٹ سسٹم متعارف کرایاجارہا ہے‘ای ڈی اوہیلتھ

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 22:46

ملتان۔8 اکتوبر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 اکتوبر- 2016ء )عالمی ادارہ برائے صحت کے مطابق دنیا میں ہرروز زچگی کے دوران830خواتین موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں‘ تمام ممالک نے میلینیم ڈویلپمنٹ گولز کے تحت عوام کو بنیادی سہولیات تک سہل رسائی کا عہد کیا تھا جس میں خاص طور پر زچہ و بچہ کی صحت سرفہرست تھی لیکن اس سلسلے میں عملی اقدامات میں حکومت پنجاب پیش پیش ہے۔

صوبہ میں موجود تمام بنیادی مراکز صحت کو بنیادی مرکز صحت 24/7اور بنیادی مرکز صحت پلس کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔یہ بات ای ڈی او ہیلتھ افتخار قریشی نے اپنے دفتر میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی ‘ڈاکٹرظفرعباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ای ڈی او ہیلتھ نے کہا کہ ضلع ملتان میں کل 82بنیادی مراکز صحت کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان میں 18بنیادی مراکز صحت24/7کام کررہے ہیں اور اس کیٹگری میں مزید 13کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

بنیادی مرکز صحت 24/7میں زچہ وبچہ سے متعلق تمام سہولیات موجودہوں گی۔صبح کے وقت ایک لیڈی ڈاکٹر اور دیگر سٹاف موجود ہوگا جبکہ شام کے وقت لیڈی ہیلتھ وزیٹر،آیا اور چوکیدار موجود رہے گا۔یہ ہیلتھ یونٹس ہفتے کے سات دن اور دن کے چوبیس گھنٹے کھلا رہیں گے۔ڈاکٹر افتخار قریشی نے بتایا کہ بنیادی مرکز صحت پلس کی کیٹگری میں ایک منفرد یونٹ سسٹم متعارف کرایاجارہا ہے۔

ا س یونٹ میں کسی بھی دن،سرکاری یا غیر سرکاری، تہوار یا خاص موقع پر کوئی چھٹی نہیں ہوگی۔اس یونٹ میں ایل ایچ وی ہر وقت موجود رہے گی اور ہر ڈیلوری پر اس ایل ایچ وی کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے 2500روپے کی رقم مختص کی گی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے 24سنٹرز کو بنیادی مرکز صحت پلس کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جس میں سے 10ہیلتھ مراکز پلس اگلے ہفتے تک فنکشنل ہوجائیں گے۔