کپاس کی فصلوں میں سفید مکھی کے انسداد کے لئے شام کے وقت سپرے کیا جائے ‘ محکمہ زراعت پنجاب

اتوار 9 اکتوبر 2016 14:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کاشتکاروں کو بتایا ہے کہ موسم میں موجود نمی اور حبس کے باعث کپاس کاشت کے مرکزی علاقوں میں فصل پر سفید مکھی کا حملہ مشاہدہ میں آیا ہے ۔ سفید مکھی کپاس کی فصل میں تین طریقوں سے نقصان کرنے کا باعث بنتی ہے۔ سفید مکھی کے بالغ اور بچے رس چوس کر پودوں کو کمزور کرنے کے علاوہ میٹھا لیسدار مادہ بھی خارج کرتے ہیں۔

پودوں کے پتوں و دیگر حملہ شدہ حصوں پر سیاہ رنگ کی الی لگ جاتی ہے جس سے ضیائی تالیف کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے۔سفید مکھی کے شدید حملہ کے باعث کپاس کی پیداوار میں کمی ہوجاتی ہے۔ سفید مکھی کپاس میں وائرسی بیماریوں کو ایک پودے سے دوسرے پودوں تک پھیلانے کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔

(جاری ہے)

پانچ بالغ یا بچے یا دونوں ملا کر پانچ فی پتہ سفید مکھی کی معاشی نقصان کی حد ہیں۔

سفید مکھی کے بروقت کیمیائی انسداد کے لیے پائری پروکسی فن 10.8فیصد ای سی بحساب 500ملی لیٹر یا ڈایا فینتھیوران 4فیصد ایس سی بحساب200ملی لیٹر یا اسیٹا میپرڈ 20فیصد ایس ایل بحساب 125ملی لیٹر فی 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کیا جائے۔سپرے کرنے کے 48گھنٹے بعد کپاس کی فصل کا دوبارہ معائنہ کریں اور سفید مکھی کا حملہ ختم نہ ہونے کی صورت میں 5سے 6دن بعد زہریں بدل کردوسرا سپرے کیا جائے۔سفید مکھی کے انسداد کے لئے شام کے وقت سپرے کیا جائے اور پانی کی مقدار 120 تا 150 لٹر فی ایکڑ استعمال کی جائے۔

متعلقہ عنوان :