پنجاب یونیورسٹی طلبہ کی جانب سے انسداد دہشتگردی مہم کا انعقاد

ماہ محرم الحرام میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے حوالے سے گفتگو٬ علاقہ معززین اور شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت

پیر 10 اکتوبر 2016 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 اکتوبر2016ء) پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ علوم ابلاغیات نے اسلام پورہ کی یونین کونسل (یو سی) 65 کے مقامی عہدیداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشتگردی کے حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں یو سی 65 کے چیئرمین٬ وائس چیئرمین٬ کونسلرز٬ مقامی پولیس سٹیشن کے تھانیدار اور علاقہ کے معززین نے شرکت کی۔

تقریب میں ماہ محرم الحرام کی حساسیت پر بھی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء کا کہنا تھا کہ دہشتگردی جیسی لعنت کو عوام اور پولیس کے تعاون سے روکا جا سکتا ہے۔ اسلام پورہ پولیس سٹیشن کے تھانیدار ناصر حمید کا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس پوری طرح مستعد اور چوکس ہے۔ ماہ محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے پولیس کو ہمیشہ عوام کا تعاون رہا ہے۔ مقامی عہدیداروں کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دہشتگردی کا خاتمہ عوام کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ دہشتگردی سے نجات صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام مل کر کام کریں گے۔