یوم عاشور پر بلدیہ کورنگی کے تحت شاہ فیصل زون میں مثالی بلدیاتی انتظامات

شہداء کربلا کی عظیم قربانی باطل سے بغاوت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے٬کردار حسینی کو مشعل راہ بنا نا ہوگا ٬سید نیئر رضا

جمعرات 13 اکتوبر 2016 16:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2016ء) شہر کراچی کے تمام علاقوں کی طرح شاہ فیصل کالونی میں بھی یوم عاشور پر شہادت امام حسین ؓ کی یاد میں ماتمی جلوس نکالا گیا ۔امام بارگاہ ناصران سے برآمد ہوکر(کربلا) امام بارگاہ زینب کلثوم شاہ فیصل کالونی نمبر5پر اختتام پذیر ہوا ۔جلوس میں حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان٬رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری ٬چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج کے ہمراہ شرکت کی ۔

یوم عاشور پر برآمد ہونے والے ماتمی و تازیہ جلوسوں کے روٹس پر بلدیہ کورنگی کی جانب سے صفائی وستھرائی اور روشنی کے مثالی انتظامات کے ساتھ ماتمی اعزاداروں کو بروقت طبی امداد اور سہولتوں کی فراہمی کے لئے سبیل ٬استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ بھی قائم کئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

حق پرست منتخب نمائندوں نے اعزادار تنظیموں کے ذمہ داروں اور منتظمین سے ملاقات کی اور اُنہیں فاطمہ ؓ کے لعل کا پرسہ دیا اس موقع پر اعزادا تنظیموں نے عشرہ محرم کے دوران بلا تعطل بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور مثالی انتظامات پر بلدیہ کورنگی کو خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین ؓ اور اُن کے رفقاء نے انصاف ٬فلاح انسانیت اور اسلام کی بقاء کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کردیا کہ اسلام رہتی دنیا تک قائم و دائم رہے گا معرکہ کربلا ہی رہتی دنیا تک انسانیت کی لئے مشعل راہ ہے۔

چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا اور وائس چیئر مین رکن الدین تاج نے کہاکہشہداء کربلا کی عظیم قربانی باطل سے بغاوت اور حق پر ڈٹ جانے کا درس دیتی ہے٬ معاشرے میں سدھار اور بحرانوں کے خاتمے کے لئے کردار حسینی کو مشعل راہ بنا نا ہوگاجب ہی ہم اپنی زندگی میں انقلاب لاسکتے ہیں ۔