کاشتکار آلو کی خزاں کی فصل کو جھلسائو کی بیماریوں سے بچائیں٬ سجاد حیدر

منگل 18 اکتوبر 2016 17:24

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2016ء) کاشتکار آلو کی خزاں کی فصل کو جھلسائو کی بیماریوں سے بچائیں۔ یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ڈویلپمنٹ پراجیکٹ راولپنڈی سجاد حیدر نے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ آلو کی فصل کی اگیتا اور پچھیتا جھلسائو اہم بیماریاں ہیں۔ اگیتا جھلسائو کی بیماری کی صورت میں پتوں کے حاشیوں پر گہرے بھورے رنگ کے دھبے رونما ہوتے ہیں اور پتے مڑ کر سوکھ جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بیماری تنے کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ پچھیتا جھلسائو کی بیماری زیادہ نمی اور کم درجہ حرارت میں زیادہ پھیلتی ہے۔ اس بیماری کے حملہ کے شروع میں چھوٹے چھوٹے پیلے دھبے ظاہر ہوتے ہیں جو ہوا میں نمی کی وجہ سے بھورے یا سیاہ زخموں میں بدل جاتے ہیں۔ کاشتکار ان بیماریوں کے تدارک کیلئے کھیلیوں پر زیادہ سے زیادہ مٹی چڑھائیں تاکہ زیر زمین آلو مٹی سے ڈھکے رہیں اور بیماری کے جراثیم ان آلوئوں تک نہ پہنچ سکیں جبکہ کیمیائی تدارک کیلئے محکمہ زراعت کے عملہ کے مشورہ سے پھپھوندکش زہریں سپرے کریں۔