را اور این ڈی ایس سے تعلق رکھنے والے 865دہشت گرد گرفتار

سی پیک منصوبے کو قوم پرست گروہوں٬ غیر ریاستی عناصر اور غیر ملکی ایجنسیوں کی طرف سے خطرات ہیں ٬ْ ڈی جی آئی بی

منگل 18 اکتوبر 2016 21:46

را اور این ڈی ایس سے تعلق رکھنے والے 865دہشت گرد گرفتار

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2016ء)ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) آفتاب سلطان نے کہا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں اور گزشتہ تین سال میں ان سے تعلق رکھنے والے 865 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی بی نے بتایا کہ کراچی میں ہونے والے موجودہ آپریشن میں وزیراعظم نواز شریف کی آئی بی کو مکمل حمایت حاصل ہے اور رینجرز نے بھی ہماری معلومات ہمیشہ درست قرار دی ہیں۔

آفتاب سلطان نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران 865 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا٬ یہ انتہائی مطلوب اور خطرناک دہشت گرد ہیں جن میں بیشتر بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کیلئے کام کرتے تھے۔

(جاری ہے)

لاپتہ افراد کے حوالے سے ڈی جی آئی بی نے کمیٹی کو بتایا کہ اس حوالے سے قائم کمیشن کو 478 انکواریوں کا کہا گیا جس میں سے 427 انکوائری مکمل کر کہ بھیج دی گئی ہیں۔

ایک سوال پر آئی بی سربراہ نے بتایا کہ سی پیک منصوبے کو قوم پرست گروہوں٬ غیر ریاستی عناصر اور غیر ملکی ایجنسیوں کی طرف سے خطرات ہیں۔انہوںنے کہاکہ سی پیک روٹ کی سیکیورٹی کیلئے آئی بی کے دفاتر قائم کرنے کیلئے حکومت سے فنڈز مانگے گئے ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین سینٹر طلحہ محمود نے کہا کہ جن لوگوں کو اٹھایا جاتا ہے اور بعد میں لاپتہ قرار دے دیا جاتا ہے اسکا اقدام کا حل تلاش کیا جانا چاہیے اور جنھیں اٹھایا جائے انہیں صفائی کا بھی موقع دیا جانا چاہیے۔اس موقع پر سینٹر شاہی سید نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا ڈرامہ بند ہونا چاہیے اور اگر رینجرز اچھا کام کر رہی ہے تو اسے مستقل طور پر کراچی میں اختیارات دے دئیے جائیں۔