لاہور ہائیکورٹ نے فوج مخالف بیان پر آصف علی زرداری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی

جمعہ 21 اکتوبر 2016 17:57

․ لاہور۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے فوج مخالف بیان دینے پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔ چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار آفتاب ورک کے وکیل مقصود احمد اعوان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں اپنی تقریرکے دوران فوج مخالف بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کو جان بوجھ کر کارنر کیا جارہا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ سابق صدر کے اس بیان سے دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما پاک فوج کے حوصلوں کو پسپا کرنے کی کوشش کی گئی لہذا عدالت آصف علی زرداری کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے احکامات صادر کرے۔ درخواست گزار اور ان کے وکیل کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے درخواست عدم پیروی کی بناء پر خارج کر دی۔