زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میںکل سے چھ روزہ ربیع فیسٹیول شروع ہوگا

پیر 31 اکتوبر 2016 22:01

فیصل آباد۔31 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2016ء) اپنی درخشندہ روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کل بدھ 02نومبر سے چھ روزہ ربیع فیسٹیول شروع ہورہا ہے جس میں دوسری نمایاں شخصیات کے ساتھ ساتھ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین‘ چیئرمین ارسا رائو ارشاد ‘ سیکرٹری زراعت محمد محمود اور ملکی و بین الاقوامی ماہرین خاص طور پر شریک ہونگے۔

ربیع فیسٹیول کے دوران ملک بھر کی جامعات سے بزنس پلان مقابلوں میں حصہ لینے والے نوجوان 2نومبر کو صبح 10بجے دو روزہ آل پاکستان ڈائس انوویشن ایونٹ میں شریک ہونگے جبکہ اسی روز شام تین بجے ہینڈ بال کے مقابلے یونیورسٹی گرائونڈز میں منعقد ہونگے۔اسی روز شام کو گوٹ شو(بکرا میلہ) کیلئے ملک بھر سے خوبصورت اور زیادہ پیداواریت کی حامل مختلف الاقسام بکریاں بھی ڈائریکٹوریٹ آف فارمزپہنچ جائیں گی جن کے مابین زیادہ دودھ کے مقابلے کلیہ زراعت کے بالمقابل گرائونڈ میں منعقد ہونگے۔

(جاری ہے)

ڈائس نمائش یونیورسٹی کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی جس میں بہترین کاروبار آئیڈیازکے حامل سٹالز میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب 3نومبر کی شام پانچ بجے اسی سینٹر میں منعقد ہوگی ۔ جمعہ چار نومبر کو صبح ایکسپو سینٹر میں انڈسٹریل نمائش کا افتتاح ہوگا جبکہ اسی روز نیو سینٹ ہال میں سندھ طاس معاہدہ کے تناظر میں پاکستان کو درپیش آبی چیلنجز پر قومی سیمینار منعقد ہوگا جس کے مہمان خصوصی چیئرمین واپڈالیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین ہونگے جبکہ چیئرمین ارسا رائو ارشاد بھی تقریب کا حصہ ہونگے۔

ہفتہ 05نومبر کوایکسپو سینٹر میں زرعی و صنعتی نمائش کے ساتھ ساتھ سہ پہر تین بجے باسکٹ بال کے مقابلے یونیورسٹی گرائونڈز میں جاری رہیں گے۔ اتوار 06نومبر کو فیسٹیول کا مرکزی پروگرام کسان میلہ اقبال آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا جس میں سیکرٹری زراعت محمد محمود مہمان خصوصی ہوں گے جس کے بعد کسانوں کو سہ پہر تین مانسینٹو فامرزکا دورہ کروایا جائے گا جس کے بعد کبڈی و رسہ کشی کے مقابلے بھی اسی جگہ ہونگے۔

متعلقہ عنوان :