Live Updates

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے کل کا احتجاج موخر کر دیا

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کا آئندہ کل یوم تشکر منانے کا اعلان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 1 نومبر 2016 14:54

پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے کل کا احتجاج موخر کر دیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم نومبر 2016ء) : پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے آئندہ کل ہونے والا احتجاج اور دھرنا مؤخر کر دیا۔پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان نے آئندہ کل پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے گھروں میں واپس چلے جائیں، اور کل دوبارہ واپس آئیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کل دس لاکھ لوگوں کا جلسہ ہو گا جو تاریخی ہو گا۔

بنی گالہ کے باہر میڈیا اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کہا کہ میں یہاں آنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں 20 سال سے کرپشن کے خلاف جدو جہد کر رہا ہوں، 20 سال سے میرا ساتھ دینے والے اور سات ماہ قبل پانامہ لیکس کے بعد ہر حربہ اور کوشش میں میرا ساتھ دینے والے لوگوں اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم پانامہ لیکس کے بعد 7 ماہ سے جدو جہد کر رہے ہیں۔ ہم نے نیب اور ایف آئی اے سے انصاف مانگا نہیں ملا، پھر ہم نے کوشش کی کہ پارلیمنٹ سے انصاف ملے لیکن وہ بھی نہیں ملا جس کے بعد ہم نے اسلام آباد لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا اور شرائط عائد کیں کہ یا وزیر اعظم نواز شریف استعفیٰ دیں یا اپنی تلاشی دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے سپریم کورٹ کے فیصبے پر خوشی ہوئی ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ کیا کہ پرسوں سے نواز شریف کی تلاشی ہو گی۔

نواز شریف نے سات ماہ سے لوگوں کو کہا کہ میں احتساب کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کو تمام قوم کی جانب سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے پرسوں نواز شریف سے جواب طلب کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کانٹوں سے گزر کر یہاں آنے والے کارکنان کو مبارکباد دیتا ہوں، جیلوں میں جانے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔

لیکن سب سے زیادہ شکریہ اور خراج تحسین پرویز خٹک اور اس کی ٹیم کو پیش کرتا ہوں۔ پرویز خٹک! جو تم نے اور کارکنان نے کیا اپنے لیے نہیں اس ملک کے لیے کیا ۔ آپ اس ملک کے مجاہد ہیں۔ اپنے بچوں اور ملک کے مستقبل کے لیے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس گردی میں زخمی ہوئے کارکنوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میں ان دونوں بھائیوں کو چالیس سال سے جانتا ہوں۔

یہ ظالم ہیں اور اپنا معصوم چہرہ بنا کر مظلوم بن جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں صوابی میں تحریک انصاف کے ٹائیگرز کو پاکستان کی طرف سے پاکستان کے مجاہد اور ہیرو کہتا ہوں، انہوں نے کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ کارکن آج گھر واپس چلے جائیں اور کل واپس آئیں، ہم کل یوم تشکر منائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکن، میری بہنیں اور ان کے اہل خانیہ کو بھی کہتا ہوں کہ کل پریڈ گراﺅنڈ پہنچیں جہاں ایک تاریخی جلسہ ہو گا اور ہم یوم تشکر منائیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ میں کل کے جلسے میں عوام کو ایک پیغام بھی دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میں اسلام آباد کی انتظامیہ کو کہتا ہوں کہ وہ اسلام آباد میں ناکوں کو کھولے ورنہ ہم زبردستی کھولیں گے اور اگر کل پولیس کی شیلنگ سے کوئی کارکن جاں بحق ہوا تو ہم شہباز شریف پر ایف آئی آر کٹوائیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات