سپریم کورٹ نے جسٹس امیرہانی مسلم اور سینیٹر نہال ہاشمی کے درمیان ملاقات کی جھوٹی خبرنشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا

انتظامیہ اور ڈائریکٹر نیوز سمیت دیگر کی 28نومبر کو طلبی عدالت میں زیر سماعت پانامہ لیکس کیس کے سلسلے میں نشر کیے جانے والا نیوز پیکج اور فوٹیج مکمل جھوٹ پرمبنی ، بے بنیاد، من گھڑت اور رپورٹر کی ذہنی احتراع ہے، چیف جسٹس نے اس کا سخت نوٹس لیاہے ، اس کی شدید الفاظ میں مذمت اور تردید کرتے ہیں ، ٹی وی چینل نے اہم قومی مسئلے پر عوام میں شکوک وشبہات پید اکئے ، ترجمان سپریم کورٹ

ہفتہ 19 نومبر 2016 22:55

سپریم کورٹ  نے جسٹس امیرہانی مسلم اور سینیٹر نہال ہاشمی کے درمیان ملاقات ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 نومبر2016ء) سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس امیرہانی مسلم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کے درمیان نجی ملاقات کی جھوٹی خبر چلانے کی شدید الفاظ میں مذمت اور تردید کرتے ہوئے دن ٹی وی انتظامیہ، اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت کے لئے 28 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔ ہفتہ کو سپریم کورٹ کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نجی ٹی وی چینل دن نیوز کی جانب سے 18 نومبر کو سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس امیر ہانی مسلم اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کے درمیان عدالت میں زیر سماعت پانامہ لیکس کیس کے سلسلے میں ملاقات کے حوالے سے نشر کیا جانے والا نیوز پیکج اور فوٹیج مکمل جھوٹ پرمبنی ، بے بنیاد، من گھڑت ، ٹیبل سٹوری اور رپورٹر کی ذہنی احتراع ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کردار کشی کی مہم پر مبنی، کردار پر کلنک اور میڈیا ٹرائل کے ذریعے کسی کے وقار پر حملے کرنے والی خبروں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ ترجمان کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس انور ظہیر جمالی نے واقعے کا سخت نوٹس لیا ہے اور یہ نوٹس رجسٹرار سپریم کورٹ کے نوٹ پر لیا گیا ہے ۔ نوٹ میں کہا گیا کہ ٹی وی چینل نے فاضل جج کو بد نام کرنے کی کوشش کی اور میڈیا پر اس بات کو لانے کی کوشش کی جو کبھی وقوع پذیر ہی نہیں ہوئی اور یہ مجموعی طور پر عدلیہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ۔

چینل نے بریکنگ اور ایکسکلوزیو نیوز کے چکر میں سنسنی خیزی پھیلانے کی کوشش کی ۔ اسی طریقے سے چینل نے اہم قومی مسئلے پر عوام میں شکوک و شبہات پیدا کئے ۔ ترجمان کے مطابق اس معاملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے سپریم کورٹ کے دفتر کو نجی ٹی وی دن نیوز کی انتظامیہ ، ڈائریکٹر نیوز ، پروڈیوسر، اینکر پرسن اور رپورٹر سمیت دیگر متعلقہ افراد جن کا اس شرارت کے پیچھے ہاتھ ہے ، کوتوہین عدالت کے نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ متعلقین کو جواب دینے کے لئے 28 نومبر کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیاہے۔ …(م د)