قومی ترقی کے میدان میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے نئی نسل سے بے شمار امیدیں وابستہ ہیں‘ ڈی سی او

ہفتہ 3 دسمبر 2016 22:52

فیصل آباد۔03 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2016ء)قومی ترقی کے میدان میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے نئی نسل سے بے شمار امیدیں وابستہ ہیں‘ لہذا ان کی صلاحتیوں کی آبیاری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ یہ بات ڈی سی او سلمان غنی نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز الائنس کے زیراہتمام اینٹی ڈینگی بچوں کے میلے میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی جو سرگودھا یونیورسٹی کے مقامی کیمپس ستیانہ روڈ میں منعقد ہوا ۔

ای ڈی او ایجوکیشن بشیر زاہد گورایہ ‘ ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر نوازش گورایہ ‘ ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک قربان حسین ‘ انچارج کیمپس ڈاکٹر قربان اعوان ‘ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر منیر شامی ‘ ڈائریکٹر پنجاب کالجز رفعت اقبال ‘ ڈاکٹر بلال ‘ چوہدری یوسف ‘ سردار ساجد اور بڑی تعداد میں ٹیچرز ‘والدین اور ڈویژن بھر کے مختلف پرائیویٹ سکولوں کے ہزاروں کی تعداد میں بچے اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے اینٹی ڈینگی کے موضوع پر بچوں کے میلے کے میگا ایونٹ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وسیع تقریب میں نہ صرف بچوں کو تفریح کے خاطر خواہ مواقع میسر آئے ہیں بلکہ موضوع کے حوالے سے بہتر آگاہی پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے انسداد ڈینگی کے سلسلے میں آگاہی اور انسدادی اقدامات کی کامیابی کیلئے پرائیویٹ سکولز کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہ کہا کہ ڈینگی وائرس کے جان لیوا خطرات سے بچنے کے لئے سماجی تعاون اشد ضروری ہے ۔

اس سلسلے میں آگاہی رکھنے والے سکولوں کے بچے برینڈ ایمبسیڈر ہیں جو گلی محلوں میں انسداد ڈینگی پیغامات لے جارہے ہیں ۔ انہوں نے ملی نغموں ‘ پریڈ اور ڈینگی کے موضوع پر خاکوں و گیتوں میں بچوں کی پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ سالوں میں ایسے میلوں میں نئی اختراعات او وسعت آنی چاہئے ۔قبل ازیں چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر ڈی سی او سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی ادارے ضلعی انتظامیہ کی ہر انسدادی و اصلاحی مہم میں بھر پور تعاون کرتے رہیں گے ۔

اس میلے میں بچوں کی دلچسپی کے لئے مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیا تھا جن میں محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے پالتو جانوروں کا ’’ پیٹ شو‘‘ بھی شامل تھا جبکہ کھانے پینے کے اسٹالز کے علاوہ بچوں کی کھیل کود کے لئے مختلف ایونٹس کا اہتمام کیا گیا تھا ۔