کاشتکار چنے کی فصل کو پہلے دو مہینوں تک جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے کیلئے بھرپور اقدامات کریں ، محکمہ زراعت پنجاب

جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی کیلئے چنے کی فصل میں 2 سی3 گوڈیاں کی جائیں ،پہلی گوڈی کاشت کے 30تا40دن بعد ،دوسری گوڈی بجائی کے 70تا80دن بعد کی جائے ، ہدایت

پیر 5 دسمبر 2016 16:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی نے کاشتکاروں کو چنے کی فصل کو پہلے دو مہینوں تک جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنے کیلئے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کیونکہ بعد میں اگنے والی جڑی بوٹیاں زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنتی۔امسال ناموافق موسمی حالات اور بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے چنے کی کاشت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

چنے کی منافع بخش کاشت میں جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ جڑی بوٹیاں فصل کی پیداوار میں 25فیصدتک کمی کا باعث بنتی ہیں۔ باتھو، پیازی ، جنگلی جئی ، دمبی سٹی ، چھنکنی بوٹی ، مینا، شاہترہ ، سنجی اور جنگلی مٹر وغیرہ چنے کی فصل کی اہم جڑی بوٹیاں ہیں۔ان جڑی بوٹیوں کی موجودگی کی وجہ سے چنے کی پیداوارمیں نہ صرف کمی ہوتی ہے بلکہ پیداوار بھی غیر معیاری ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

جڑی بوٹیاں چنے کی فصل کے لئے استعمال ہونے والے خوراکی اجزاء کھاد ، پانی اور روشنی کے ضیاع کا باعث بنتی ہیںاور فصل کو کمزور کردیتی ہیں ۔یہ جڑی بوٹیاں ضرر رساں کیڑوں اور بیماریوں کو پھیلانے کے لئے متبادل میز بان پودوں کا کردار ادا کرتی ہیں۔ جڑی بوٹیوں کی موثر تلفی کے لئے چنے کی فصل میں 2 سی3 گوڈیاں کی جائیں ۔پہلی گوڈی کاشت کے 30تا40دن بعد جبکہ دوسری گوڈی بجائی کے 70تا80دن بعد کی جائے ۔ کاشتکار اپنی فصل کا ہفتہ وار باقاعدگی سے معائنہ کرتے رہیں۔ دیمک ، ٹوکہ یا امریکن سنڈی کا حملہ مشاہدہ میں آنے پر محکمہ زراعت توسیع و پیسٹ وارننگ کے مقامی ماہرین کے مشورہ سے مناسب زہروں کا سپرے کریں۔

متعلقہ عنوان :